لاہور (لارڈ میڈیا): طوفانی بارشوں نے ملک بھر میں تباہی مچا دی ہے، جہاں مختلف حادثات میں 14 افراد جاں بحق اور درجنوں زخمی ہو گئے ہیں۔ سوات میں سیف اللہ جھیل میں کشتی ڈوبنے سے 6 افراد جاں بحق ہوئے، جبکہ اٹک میں دیوار اور چھت گرنے سے 3 افراد کی موت واقع ہوئی۔ لنڈی کوتل میں آسمانی بجلی گرنے سے 2 بچے جاں بحق اور 4 زخمی ہوئے۔ ژوب میں بارش کے دوران چھت گرنے سے خاتون اور بچہ جاں بحق ہو گئے۔
اسلام آباد اور راولپنڈی میں موسلا دھار بارش سے گرمی کا زور ٹوٹ گیا جبکہ لاہور میں تیز بارش سے کئی علاقوں میں فیڈرز ٹرپ ہونے سے بجلی معطل ہو گئی۔ اٹک، پنڈی بھٹیاں، منڈی بہاؤالدین، سرگودھا، بھیرہ، حافظ آباد اور دیگر علاقوں میں بھی بارش ہوئی جس سے نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہو گیا۔
این ڈی ایم اے نے ممکنہ خطرات کے حوالے سے الرٹ جاری کر دیا ہے، جس میں گلگت بلتستان، خیبر پختونخوا اور آزاد کشمیر میں گلیشیائی جھیلوں کے پھٹنے اور پہاڑی ندی نالوں میں پانی کے بہاؤ میں اضافے کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔


