کراچی (لارڈ میڈیا): پاک بحریہ کے شہید افسر لیفٹیننٹ کمانڈر حمزہ عابد کی اہلیہ الویرا حمزہ نے پاکستان نیوی میں کمیشن حاصل کر لیا۔ الویرا نے کمانڈنٹ گول میڈل جیت کر پاک بحریہ کے شعبہ انفارمیشن ٹیکنالوجی کو جوائن کیا ہے۔ انہوں نے کہا ہے کہ ان کے شوہر کی شہادت نے ان میں بحریہ میں شامل ہونے کا جذبہ پیدا کیا۔ الویرا کا کہنا ہے کہ شوہر کے یونیفارم میں دیکھ کر انہوں نے بھی اسی یونیفارم کو پہننے کی خواہش کی۔
الویرا حمزہ نے مزید کہا کہ پاکستان نیول اکیڈمی میں ان کا وقت بہت اچھا گزرا اور وہ ہر پاکستانی لڑکی کو فورسز میں شامل ہونے کی ترغیب دیتی ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ اگر وہ ایک بیٹی کے ہوتے ہوئے یہ کر سکتی ہیں تو باقی خواتین بھی ایسا کر سکتی ہیں۔
شہید افسر کی اہلیہ کی پاک بحریہ میں شمولیت پاکستانی خواتین کیلئے ایک روشن مثال ہے۔


