اسلام آباد (لارڈ میڈیا): وزیراعظم شہباز شریف نے راس تنورہ میں ہیلی کاپٹر حادثے میں 14 سعودی شہریوں کے جاں بحق ہونے پر گہرے دکھ کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے سماجی رابطے کے پلیٹ فارم ایکس پر اپنے پیغام میں کہا کہ پاکستان کے عوام اور حکومت کی جانب سے خادم الحرمین الشریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز، ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان، جاں بحق افراد کے اہل خانہ اور سعودی عوام سے دلی تعزیت کی جاتی ہے۔
وزیراعظم نے مزید کہا کہ غم کی اس گھڑی میں پاکستان اپنے سعودی بھائیوں اور بہنوں کے ساتھ مکمل یکجہتی کے ساتھ کھڑا ہے۔ سعودی عرب میں پیش آنے والا یہ حادثہ سعودی آئل کمپنی ارامکو کے ہیلی کاپٹر کا تھا جو راس تنورہ میں گر کر تباہ ہوگیا۔
سعودی پریس ایجنسی کے مطابق حادثہ اتوار کے روز پیش آیا اور اس کے بعد امدادی ادارے فوری طور پر موقع پر پہنچے۔ سعودی حکام نے حادثے کی وجوہات جاننے کے لیے تحقیقات کا آغاز کردیا ہے۔


