اسلام آباد (لارڈ میڈیا): انسداد اسمگلنگ آپریشن کے دوران دو کروڑ روپے سے زائد مالیت کی منشیات برآمد کر لی گئی جبکہ خواتین سمیت 16 ملزمان کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔ ترجمان اینٹی نارکوٹکس فورس (اے این ایف) نے بتایا کہ تعلیمی اداروں کے اطراف اور ملک کے مختلف شہروں میں منشیات اسمگلنگ کے خلاف 8 کامیاب کارروائیوں کے دوران 7 خواتین، جن میں 2 تھائی شہری بھی شامل ہیں، سمیت مجموعی طور پر 16 ملزمان کو گرفتار کیا گیا۔
ترجمان کے مطابق مختلف کارروائیوں میں 2 کروڑ 7 لاکھ روپے سے زائد مالیت کی 330.192 کلوگرام منشیات برآمد کی گئی۔ اسلام آباد ٹول پلازہ کے قریب ایک مسافر بس میں سوار مرد اور خاتون کے قبضے سے 2 کلوگرام آئس برآمد کی گئی، جنہوں نے تعلیمی اداروں کے طلبہ کو منشیات فروخت کرنے کا اعتراف کیا۔
دیگر کارروائیوں میں اسلام آباد ایئرپورٹ پر ابوظبی جانے والی 2 تھائی خواتین کے سامان سے 1.878 کلوگرام آئس اور جدہ جانے والے مسافروں کے سامان میں 14.314 کلوگرام آئس برآمد کی گئی۔ کراچی کے کوریئر آفس میں آسٹریلیا بھیجے جانے والے پارسل کی 14 مردانہ جیکٹس میں 16 کلوگرام آئس برآمد کی گئی جبکہ فیڈرل بی ایریا کراچی میں اٹلی بھیجے جانے والے پارسل میں 7 کلوگرام ہیروئن برآمد ہوئی۔
ملتان کے شیر شاہ ٹول پلازہ کے قریب ماربل سے لدے ٹرک میں 226.80 کلوگرام چرس برآمد کی گئی جبکہ شیخوپورہ ٹول پلازہ کے قریب گاڑی سے 61.2 کلوگرام چرس برآمد کر کے 5 ملزمان کو حراست میں لیا گیا۔ راوی ٹول پلازہ لاہور کے قریب 3 خواتین کے قبضے سے 1 کلوگرام آئس برآمد کی گئی۔
ترجمان اے این ایف نے کہا کہ تمام کارروائیوں کے بعد انسدادِ منشیات ایکٹ 1997 کے تحت مقدمات درج کر کے مزید تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔


