احمد آباد (لارڈ میڈیا): بھارت کی ریاست گجرات میں پولیس نے احمد آباد کی ایک جیولری شاپ میں ڈیڑھ کروڑ بھارتی روپے سے زائد مالیت کی مسلح ڈکیتی کے الزام میں بھارتی فضائیہ کے کارپورل دیپک بھوکر کو گرفتار کر لیا ہے۔ ملزم کو دہلی سے گرفتار کیا گیا، جہاں وہ بھارتی فضائیہ کے ایک یونٹ میں تعینات تھا۔ واردات 16 جولائی 2024 کو احمد آباد کے علاقے مانیک چوک میں پیش آئی تھی، جب ملزم نے چہرہ ڈھانپ کر اور سرخ ٹوپی پہن کر دکان میں داخل ہو کر ایک کروڑ 51 لاکھ بھارتی روپے مالیت کے زیورات لوٹے تھے۔
پولیس کے مطابق ملزم واردات کے فوراً بعد احمد آباد چھوڑ گیا اور تقریباً دو سال تک قانون نافذ کرنے والے اداروں سے بچتا رہا۔ تاہم، احمد آباد کی عدالت نے جمعہ کو اسے آٹھ روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کر دیا۔
سینئر پولیس افسر روپل سولنکی کا کہنا ہے کہ تحقیقات میں اہم پیش رفت تب ہوئی جب معلوم ہوا کہ چوری شدہ سروس ریوالور اسی ڈکیتی میں استعمال ہوا۔ خصوصی ٹیموں نے جام نگر میں چوری کے کیس کی تحقیقات کیں اور سی سی ٹی وی فوٹیج سے ملزم کی شناخت کی۔
پولیس نے دہلی میں ملزم کی بیرک سے واردات میں استعمال ہونے والا سروس ریوالور اور گولیاں برآمد کر لیں۔ ملزم جعلی آدھار کارڈز اور موبائل نمبرز کے ذریعے گرفتاری سے بچتا رہا۔
حکام کے مطابق ملزم کو فضائیہ میں ٹریننگ کی وجہ سے اسلحہ استعمال کرنے کی مہارت تھی۔ وہ تعاقب سے بچنے کے لیے بار بار کپڑے تبدیل کرتا اور فنگر پرنٹس سے بچنے کے لیے انگلیوں پر ٹیپ لپیٹتا تھا۔ اس گرفتاری کے بعد دونوں مقدمات کی گتھی سلجھ گئی ہے۔


