لاہور (لارڈ میڈیا): بارش کا نیا سسٹم پاکستان میں داخل ہونے والا ہے، جس کے باعث پنجاب میں موسم کی تبدیلی متوقع ہے۔ صوبائی دارالحکومت لاہور سمیت پنجاب بھر میں گرد آلود ہوائیں چلنے اور بارش ہونے کا امکان ہے۔ محکمہ موسمیات نے بتایا ہے کہ لاہور میں آج موسم جزوی طور پر ابر آلود رہے گا جبکہ شام کو چند بادل بھی آسکتے ہیں۔
موسمیاتی ماہرین کے مطابق سینٹرل اور اپر پنجاب کے مختلف علاقوں میں ہلکی بارش کا امکان ہے۔ لاہور میں کل ہلکی بارش کی توقع کی جا رہی ہے جس سے گرمی کی شدت میں کمی آ سکتی ہے۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ 20 جون تک سورج اور بادلوں کے درمیان آنکھ مچولی جاری رہے گی، جس دوران بعض علاقوں میں دھوپ اور بعض مقامات پر بارش متوقع ہے۔
محکمہ موسمیات نے پیشگوئی کی ہے کہ 16 سے 18 جون کے دوران پنجاب کے مختلف علاقوں میں کہیں ہلکی اور کہیں تیز بارش ہو سکتی ہے۔ آج لاہور میں کم سے کم درجہ حرارت 26 ڈگری اور زیادہ سے زیادہ 39 ڈگری سینٹی گریڈ رہنے کا امکان ہے۔


