ریاض (لارڈ میڈیا): سعودی عرب کے محکمہ سول ڈیفنس نے الخرج گورنریٹ کے شہریوں اور غیر ملکی باشندوں کو حفاظتی ہدایات جاری کرتے ہوئے محتاط رہنے کی اپیل کی ہے۔ سول ڈیفنس نے کہا ہے کہ موجودہ صورتحال میں سرکاری ہدایات اور حفاظتی اقدامات پر مکمل عمل کیا جائے تاکہ کسی بھی ہنگامی صورت حال میں جانی و مالی نقصان سے بچا جا سکے۔
سول ڈیفنس نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ گھروں کی بالکونیوں، چھتوں اور کھلی جگہوں پر غیر ضروری طور پر کھڑے ہونے سے گریز کریں۔ حکام کے مطابق احتیاطی تدابیر اختیار کرنا عوامی سلامتی کے لیے ضروری ہے۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ شہری اور غیر ملکی کسی بھی واقعے کی ویڈیوز اور تصاویر بنانے سے اجتناب کریں اور صرف سرکاری ذرائع سے جاری معلومات پر اعتماد کریں۔
سعودی سول ڈیفنس نے عوام سے اپیل کی ہے کہ افواہوں سے دور رہیں، متعلقہ اداروں کی ہدایات پر عمل کریں اور کسی بھی ہنگامی صورتحال میں متعلقہ حکام سے رابطہ کریں۔ حکام کا کہنا ہے کہ عوامی تعاون اور احتیاطی تدابیر پر عمل درآمد سے ممکنہ خطرات سے مؤثر انداز میں نمٹا جا سکتا ہے۔


