چین (لارڈ میڈیا): چین میں سوشل میڈیا پر 15 لاکھ فالوورز رکھنے والے بارڈر کولی نسل کے مشہور کتے ‘چوٹو’ کو مبینہ طور پر چوری کے بعد فروخت کرکے ذبح کر دیا گیا۔ چوٹو کے مالک کے مطابق وہ جارجیا کے سفر پر تھے جب چوٹو ان کے والدین کی دیکھ بھال میں تھا اور 11 مئی کو چوٹو گھر سے غائب ہو گیا۔ سی سی ٹی وی فوٹیج میں دو نامعلوم افراد کو الیکٹرک اسکوٹر پر کتے کو اغوا کرتے دیکھا گیا۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی چوٹو کے مالک نے فوراً واپسی کی اور کتے کی تلاش شروع کی۔ تقریباً دو ہفتوں بعد ان کو مبینہ ملزم تک رسائی حاصل ہوئی، جس نے انکشاف کیا کہ اس نے چوٹو کو 180 یوآن (تقریباً 27 ڈالر) میں ایک ڈاگ میٹ ریسٹورنٹ کو فروخت کر دیا تھا جہاں اسے ذبح کر کے کھا لیا گیا۔
ملزم نے کہا کہ اس نے کتے کو آوارہ سمجھا تاہم مالک نے اس دعوے کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ چوٹو نے کالر اور جی پی ایس ٹریکر پہن رکھا تھا۔ کتے کے مالک کو ریسٹورنٹ پہنچنے پر بھی مایوسی کا سامنا کرنا پڑا کیونکہ کتے کی باقیات ضائع کی جا چکی تھیں۔
چوٹو کے مالک نے اس واقعے پر شدید غم کا اظہار کرتے ہوئے سوشل میڈیا پر اپنے جذبات کا اظہار کیا اور انصاف حاصل کرنے کے عزم کا اظہار کیا ہے۔ مقامی پولیس نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔


