ہوماہم ترینپاکستان کے 22 شہروں میں فائیو جی سروس کا آغاز

پاکستان کے 22 شہروں میں فائیو جی سروس کا آغاز

اسلام آباد (لارڈ میڈیا): پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی نے اعلان کیا ہے کہ ملک کے 22 شہروں میں فائیو جی سروسز کا آغاز کر دیا گیا ہے، جن میں اسلام آباد کے چار سیکٹرز بھی شامل ہیں۔ قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے آئی ٹی کے اجلاس میں یہ معلومات فراہم کی گئی، جس کی صدارت سید امین الحق نے کی۔

حکام کے مطابق، اسلام آباد کے سیکٹر ایف-8 میں کیے گئے ٹیسٹس میں انٹرنیٹ کی رفتار تقریباً 100 ایم بی پی ایس ریکارڈ کی گئی۔ پی ٹی اے حکام نے بتایا ہے کہ مستقبل میں 5G اسپیکٹرم نیلامی کے بعد انٹرنیٹ کی کارکردگی میں مزید بہتری کی توقع ہے جبکہ 4G کی اوسط رفتار 40 ایم بی پی ایس تک پہنچ سکتی ہے۔

تاہم، کمیٹی ارکان نے ٹیلی کام سروسز کی مجموعی معیار پر تشویش کا اظہار کیا۔ رکن صادق میمن نے سوال اٹھایا کہ اگر موجودہ سروسز کا معیار بہتر نہ ہوا تو فائیو جی یا دیگر نئی ٹیکنالوجیز کا فائدہ محدود رہ سکتا ہے۔

پی ٹی اے نے اعتراف کیا کہ طویل لوڈشیڈنگ کی وجہ سے ٹیلی کام نیٹ ورکس متاثر ہو رہے ہیں، بعض علاقوں میں بجلی کی بندش 10 گھنٹے تک جاری رہتی ہے، جس سے کمپنیوں کو مشکلات کا سامنا ہے۔

کمیٹی نے صارفین کی شکایات کے نظام پر بھی عدم اطمینان ظاہر کیا اور کہا کہ بڑی ٹیلی کام کمپنیوں نے ہیلپ لائنز کو بہتر بنانے کے بجائے کم کر دیا ہے۔ چیئرمین کمیٹی نے سخت کارروائی، جرمانوں اور شوکاز نوٹسز کا مطالبہ کیا۔

اجلاس میں پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن کمپنی لمیٹڈ کے متعلق امور بھی زیر غور آئے، جہاں تقریباً 800 ملین ڈالر کے سرکاری واجبات اور جائیداد کے معاملات پر سوالات اٹھائے گئے۔ وزارت کے حکام نے کہا کہ نجکاری معاہدے سے متعلق تفصیلات نجکاری کمیشن فراہم کر سکتا ہے، جس پر کمیٹی نے آئندہ اجلاس میں متعلقہ حکام کو طلب کر لیا۔

Author

متعلقہ تحاریر
- Advertisment -
Google search engine

متعلقہ خبریں