بیجنگ (شِنہوا) چینی وزیر خارجہ وانگ یی نے کہا ہے کہ بین الاقوامی اور علاقائی صورتحال میں چاہے جتنی بھی تبدیلی آئے، چین اور پاکستان کی دوستی ہمیشہ چٹان کی طرح مضبوط اور ناقابل شکست رہی ہے۔
وانگ یی نے پاکستان کے چیف آف ڈیفنس فورسز اور چیف آف آرمی سٹاف جنرل عاصم منیر سے ملاقات کی۔ انہوں نے عاصم منیر اور پاکستانی وزیراعظم شہباز شریف کے ایک ساتھ چین کے دورے کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک نے باہمی سیاسی اعتماد، عملی تعاون اور بین الاقوامی ہم آہنگی کی اعلیٰ سطح برقرار رکھی ہے جو بین الریاستی تعلقات کے لئے ایک مثالی نمونہ ہے۔
وانگ یی نے کہا کہ پاکستانی فوج ہمیشہ چین۔پاکستان تعاون کو فروغ دینے میں ایک اہم قوت رہی ہے اور توقع ہے کہ وہ دونوں ممالک کے درمیان روایتی دوستی کو مزید گہرا کرنے میں نئی خدمات انجام دے گی۔
آرمی چیف عاصم منیر نے کہا کہ 4 بڑے عالمی اقدامات اور بیلٹ اینڈ روڈ انیشی ایٹو نے عالمی امن اور ترقی کے فروغ میں کلیدی کردار ادا کیا ہے اور انہیں عالمی برادری میں وسیع پذیرائی حاصل ہوئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان ان اقدامات کی بھرپور حمایت کرتا ہے اور ان میں فعال طور پر حصہ لے رہا ہے۔
عاصم منیر نے وانگ یی کو امریکہ اور ایران کے درمیان تنازع کے حل کے لئے جاری ثالثی کی تازہ پیش رفت سے بھی آگاہ کیا اور کہا کہ ایک معاہدہ طے پانے کے قریب ہے جبکہ پاکستان اپنی بھرپور کوششیں جاری رکھنے کے لئے تیار ہے۔


