نیروبی (شِنہوا) چینی ٹیلی کام کمپنی ہواوے نے کینیا کے سرکاری ملازمین کو تربیت دینے والے ایک سرکاری ادارے کینیا سکول آف گورنمنٹ (کے ایس جی) کے ساتھ مفاہمت کی ایک یادداشت (ایم او یو) پر دستخط کئے ہیں تاکہ ملک کی عوامی خدمت میں ڈیجیٹل مہارتوں کو فروغ دیا جا سکے۔
کینیا کے دارالحکومت نیروبی میں ہواوے کی جانب سے جاری بیان کے مطابق یہ شراکت داری کے ایس جی کے ساتھ تعاون کا ایک منظم لائحہ عمل فراہم کرتی ہے، جس کا مقصد ڈیجیٹل مہارتوں کو بہتر بنا کر علم کے تبادلے اور مشترکہ تربیتی پروگراموں کے ذریعے عوامی خدمات کی فراہمی کو بہتر بنانا ہے۔
ہواوے کےمطابق یہ تعاون کینیا کے ڈیجیٹل تبدیلی کے بڑے منصوبے کے مطابق ہے اور حکومتی خدمات کو جدید بنانے میں مدد دیتا ہے۔
اس معاہدے کے تحت تعاون کا مرکز مشترکہ تربیتی پروگراموں کا نفاذ، تحقیق اور تکنیکی علم کے تبادلے میں شراکت اور سرکاری ملازمین میں مصنوعی ذہانت (اے آئی) اور سائبر سکیورٹی جیسے جدید ڈیجیٹل مہارتوں کو ترقی دینا ہوگا۔
یہ شراکت داری نئی ٹیکنالوجی کے بارے میں معلومات اور مشورے کے تبادلے کو بھی فروغ دے گی، جو نظم ونسق اور عوامی خدمات کو بہتر بنا رہی ہیں اور اداروں کے درمیان تعاون بڑھانے کے لئے عملے کے تبادلے کے پروگرام بھی شروع کرے گی۔
کے ایس جی کی ڈائریکٹر جنرل نورا محمد نے کہا کہ ہواوے کے ساتھ یہ شراکت داری ادارے کو ڈیجیٹل عوامی خدمت کی قیادت میں ایک نمایاں مرکز بنانے کی سمت ایک اہم سنگ میل ہے۔
مفاہمتی یادداشت کے تحت ہواوے 2026 سے 2029 تک 2ہزار سرکاری اہلکاروں اور کے ایس جی کے تکنیکی عملے کے 50 ارکان کو مصنوعی ذہانت اور سائبر سکیورٹی جیسے اہم شعبوں میں تربیت دینے میں مدد کرے گی۔


