ہومانٹرنیشنلکیوبا کے وزیر خارجہ نے راؤل کاسترو پر امریکی فرد جرم کو...

کیوبا کے وزیر خارجہ نے راؤل کاسترو پر امریکی فرد جرم کو "ڈھونگ” قرار دے دیا

ہوانا (شِنہوا) کیوبا کے وزیرِ خارجہ برونو روڈریگویز نے کیوبا کے سابق رہنما راؤل کاسترو پر امریکہ کی جانب سے فرد جرم عائد کئے جانے کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس اقدام کا مقصد کیوبا کے عوام کے خلاف جارحیت کو مزید تیز کرنے کے لئے ایک "جعلی بیانیے” کو تقویت دینا ہے۔

روڈریگویز نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر کہا کہ راؤل کاسترو کے خلاف امریکی الزامات "غیر قانونی اور ناجائز” ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ اقدام جھوٹ پر مبنی ہے اور 1996 میں امریکہ میں قائم کیوبا کے جلا وطن گروپ "برادرز ٹو دی ریسکیو” کے زیر استعمال دو طیاروں کو مار گرائے جانے سے متعلق تاریخی حقائق کو نظر انداز کیا گیا ہے۔

ہوانا کا موقف ہے کہ یہ طیارے کیوبا کی فضائی حدود میں مار گرائے گئے تھے اور کیوبا نے اپنے جائز دفاع کے حق کے تحت کارروائی کی تھی۔

کیوبا کے وزیرِ خارجہ نے واشنگٹن پر یہ الزام بھی عائد کیا کہ وہ کیوبا کے خلاف پرتشدد کارروائیوں کی منصوبہ بندی اور ان پر عملدرآمد میں شریک رہا ہے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ امریکی افواج نے منشیات کی سمگلنگ سے مبینہ تعلق کے الزام میں کیریبین اور بحرالکاہل کے بین الاقوامی پانیوں میں تقریباً 200 افراد کو ماورائے عدالت قتل کیا۔

روڈریگویز نے کہا کہ کیوبا اپنے دفاع کے جائز اور ناقابل تنسیخ حق سے کبھی دستبردار نہیں ہوگا۔ انہوں نے راؤل کاسترو کی بھرپور حمایت اور وطن، انقلاب اور سوشلزم کے دفاع کے لئے کیوبا کے غیر متزلزل عزم کا اعادہ بھی کیا۔

اس سے قبل بدھ کے روز امریکی محکمہ انصاف نے اعلان کیا تھا کہ کیوبا کے سابق رہنما راؤل کاسترو اور پانچ دیگر افراد کے خلاف اضافی فرد جرم عائد کی گئی ہے جو 30 سال قبل "برادرز ٹو دی ریسکیو” کے دو طیارے مار گرائے جانے کے واقعے سے متعلق ہے۔

Author

متعلقہ تحاریر
- Advertisment -
Google search engine

متعلقہ خبریں