ریاض (لارڈ میڈیا) : سعودی حکومت نے اعلان کیا ہے کہ اس سال حج کے موقع پر خطبہ حج 35 زبانوں میں ترجمے کے ساتھ نشر کیا جائے گا۔ اس کا مقصد دنیا بھر کے لاکھوں عازمین حج اور ناظرین تک خطبہ حج کا پیغام مؤثر انداز میں پہنچانا ہے۔
سعودی وزارت حج و عمرہ کے مطابق خطبہ حج کو انگلش، فرنچ، انڈونیشین، ترکی، فارسی، روسی، چینی اور دیگر اہم عالمی زبانوں میں براہ راست ترجمے کے ساتھ نشر کیا جائے گا۔ خاص طور پر پاکستان کے زائرین کے لیے خطبہ حج کو اردو، پنجابی اور پشتو میں بھی نشر کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
سعودی حکام کا کہنا ہے کہ جدید ٹیکنالوجی اور ڈیجیٹل پلیٹ فارمز کے ذریعے خطبہ حج کو دنیا بھر میں لاکھوں افراد تک پہنچایا جائے گا تاکہ زیادہ سے زیادہ مسلمان اس روحانی پیغام سے مستفید ہو سکیں۔ ماہرین کے مطابق مختلف زبانوں میں خطبہ حج کی نشر و اشاعت اسلامی تعلیمات اور حج کے پیغام کو عالمی سطح پر عام کرنے میں اہم کردار ادا کرے گی۔


