ہوانا (لارڈ میڈیا): کیوبا کے صدر میگوئیل ڈیاز کینال نے امریکا کو خبردار کیا ہے کہ اگر واشنگٹن نے کیوبا پر فوجی کارروائی کی تو خطے کا امن خطرے میں پڑ جائے گا اور خونریزی ہوگی۔
صدر کینال نے سوشل میڈیا پر کہا ہے کہ کیوبا کسی کے لیے خطرہ نہیں، مگر حملے کی صورت میں عوام بھرپور مزاحمت کریں گے۔
یہ بیان امریکی میڈیا رپورٹس کے بعد آیا ہے، جن میں دعویٰ کیا گیا کہ کیوبا نے 300 سے زائد فوجی ڈرون حاصل کیے ہیں اور ممکنہ اہداف میں امریکی بحری اڈہ گوانتانامو بے شامل ہو سکتا ہے۔
کیوبا نے امریکی الزامات کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ امریکا فوجی مداخلت کا جواز پیدا کرنے کی کوشش کر رہا ہے۔ ہوانا کے شہریوں نے بھی امریکی دھمکیوں کے خلاف سخت ردعمل ظاہر کیا ہے۔
کیوبا توانائی بحران کا شکار ہے کیونکہ وینزویلا کے تیل کی فراہمی محدود کیے جانے کے بعد ملک میں ایندھن کی قلت بڑھ چکی ہے۔ امریکا اور کیوبا کے تعلقات میں حالیہ دنوں میں کشیدگی بڑھی ہے۔


