پنجاب بھر میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران بارش اور آندھی سے چھتیں، مکان و درخت گرنے سے 3 افراد جاں بحق اور 24 زخمی ہوگئے۔
ترجمان ریسکیو پنجاب فاروق احمد کے مطابق ڈی جی خان میں 2 مختلف واقعات میں آسمانی بجلی گرنے سے 3 افراد زخمی ہوئے، فیصل آباد میں آندھی و بارش کے باعث دیواریں، چھتیں اور درخت گرنے کے 7 مختلف حادثات میں ایک بچہ جاں بحق اور 9 زخمی ہوئے، جاں بحق بچے کی شناخت 13 سالہ حیدر علی کے نام سے ہوئی ہے۔
جھنگ میں بارش و آندھی کے باعث سائن بورڈ گرنے سے ایک شخص زخمی ہوا۔
مظفر گڑھ میں درخت، سولر پینل اور دیواریں گرنے کے 4 مختلف واقعات میں 4 افراد زخمی ہوئے جبکہ ننکانہ صاحب میں دیوار گرنے سے ایک شخص زخمی ہوگیا۔
ترجمان ریسکیو کے مطابق لاہور میں آندھی و بارش کے باعث درخت، شیڈ اور بل بورڈ گرنے کے 6 مختلف حادثات میں 2افراد جاں بحق اور 6افراد زخمی ہوئے۔
لاری اڈا بادامی باغ کے قریب درخت گرنے سے ایک شخص جاں بحق اور ایک زخمی ہوا، جاں بحق ہونے والے شخص کی شناخت 50سالہ اعجاز کے نام سے ہوئی ہے۔
رنگ محل کے قریب شیڈ گرنے سے ایک شخص جاں بحق ہوا، جس کی شناخت 21سالہ بلال کے نام سے ہوئی جبکہ بل بورڈ گرنے سے بھی ایک شخص زخمی ہوا۔
ترجمان ریسکیو کے مطابق شدید زخمیوں کو فوری طبی امداد کے بعد قریبی ہسپتالوں میں منتقل کر دیا گیا ہے۔


