چین اور پاکستان کے درمیان سفارتی تعلقات کے 75 برس مکمل ہونے کی مناسبت سے چینی گیتوں کے مقابلے "واٹر کیوب کپ‘‘ کا پاکستانی فائنل جمعہ کے روز اسلام آباد میں منعقد ہوا۔
تقریب کے دوران ہال شرکاء سے کھچا کھچ بھرا ہوا تھا۔ مقابلے میں شریک چین اور پاکستان سے تعلق رکھنے والے گلوکاروں نے اسٹیج پر چینی گیت پیش کئے اور نوجوانوں کے جذبے اور ثقافتی تبادلوں کی گرمجوشی کو اجاگر کیا۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان کے وفاقی وزیر سرمایہ کاری قیصر احمد شیخ نے گزشتہ برسوں کے اپنے چین کے دوروں کو یاد کیا اور خود کو چینی عوام کا پرانا دوست قرار دیا۔
اپنے خطاب میں قیصر احمد شیخ نے کہا کہ گزشتہ 75 برسوں کے دوران پاکستان اور چین ہر قسم کی مشکلات میں ایک دوسرے کے ساتھ کھڑے رہے۔ دونوں ممالک کی دوستی گہری بنیادوں پر استوار ہو کر مسلسل مضبوط ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ تجارت، زراعت اور تعلیم کے شعبوں میں تعاون کے مفید نتائج سامنے آئے ہیں۔ انہوں نےمستقبل میں وسیع تر تعاون کی امید بھی ظاہر کی۔
انہوں نے مزید بتایا کہ اس تقریب میں مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے شرکت کی جس سے دونوں ممالک کے درمیان قریبی ثقافتی تعلقات اور عوامی روابط کی اہمیت نمایاں ہوئی۔
پاکستان میں چینی سفارت خانے کے ثقافتی مشیر چن پِنگ نے اپنے خطاب میں کہا کہ سال 2026 چین اور پاکستان کی ہمیشہ کے تعاون پر مبنی شراکت داری کو مزید مضبوط بنانے کے حوالے سے ایک اہم سال ہے۔
چن پِنگ نے کہا کہ چین اور پاکستان جس طرح ہر دکھ سکھ میں ہمیشہ ساتھ نبھانے والے آہنی دوست رہے ہیں بالکل اسی طرح دونوں ملک اعتماد، دیانت داری، انصاف اور ذمہ داری کے مشترکہ احساس کے رشتے میں بھی بھائیوں کی طرح بندھے ہوئے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ مشترکہ مستقبل کی حامل پاک چین برادری کی تعمیر صرف مضبوط سیاسی اعتماد اور اقتصادی تعاون تک محدود نہیں بلکہ اس کی گہری جڑیں دونوں ملکوں کے عوام کے درمیان باہمی سمجھ بوجھ اور ثقافتی قربت میں بھی موجود ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اس مقابلے نے دونوں ممالک کے درمیان ثقافتی اور عوامی سطح کے رابطوں میں ایک نئی روح پھونک دی ہے۔
نوجوانوں کی سطح کے مقابلوں کی فاتح ثنا جویریہ نے شِنہوا کو بتایا کہ وہ چینی گانے بہت پسند کرتی ہیں اور ان کے بولوں کا پس منظر اور مفہوم بھی بخوبی سمجھ سکتی ہیں۔
ساؤنڈ بائٹ (انگریزی): ثنا جویریہ، نوجوانوں کی سطح کامقابلہ جیتنے والی پاکستانی گلوکارہ
“یہ تقریب بہت بامعنی ہے کیونکہ یہ چین اور پاکستان کی دوستی میں ایک پل کی حیثیت رکھتی ہے۔ جو گیت گایا گیا وہ بھی بہت خوبصورت تھا کیونکہ اس میں دکھایا گیا ہے کہ چین پہلے کیسا تھا اور پھر اس نے کیسے ترقی کر لی۔ وہ کِن کِن مشکلات اور رکاوٹوں سے گزرا اور پھر آج کس طرح ایک طاقتور، مضبوط اور عظیم ملک بن چکا ہے۔ چین سے محبت کرنے والی ایک پاکستانی کے طور پر اس بات نے مجھے بہت متاثر کیا۔”
اسلام آباد سےشِنہوا نیوز ایجنسی کے نمائندوں کی رپورٹ


