بیجنگ (شِنہوا) چین کے قومی ریلوے نیٹ ورک نے یوم مئی کی آٹھ روزہ تعطیلات کے دوران مسافر اور مال بردار ٹرینوں، دونوں شعبوں میں نئے ریکارڈ قائم کئے۔
29 اپریل سے 6 مئی تک چین کے ریلوے کے ذریعے کل 15 کروڑ 90 لاکھ سفری دورے کئے گئے جو گزشتہ سال کے مقابلے میں 5.2 فیصد زیادہ ہیں۔
صرف یکم مئی کو ریلوے کے ذریعے 2 کروڑ 48 لاکھ 40 ہزار سفری دورے کئے گئے جو ایک دن میں سب سے زیادہ تعداد کا نیا ریکارڈ ہے۔
اسی دوران قومی ریلوے نیٹ ورک نے 9 کروڑ 35 لاکھ ٹن کی مال برداری بھی کی جو گزشتہ سال کے اسی عرصے کے مقابلے میں 4.5 فیصد زیادہ ہے۔ 2 مئی کو مال برداری کے شعبے میں بھی ایک دن کا نیا ریکارڈ قائم ہوا اور 2 لاکھ 2 ہزار 400 بوگیوں پر سامان منتقل کیا گیا۔
سیاحت، گھریلو ملاقاتوں اور تفریحی سرگرمیوں کی بڑھتی ہوئی طلب کو پورا کرنے کے لئے ریلوے حکام نے ٹرینوں کی تعداد میں اضافہ کیا اور روزانہ اوسطاً 13 ہزار 525 مسافر ٹرینیں چلائیں جو گزشتہ سال کے مقابلے میں 5.7 فیصد زیادہ ہیں۔ 5 مئی کو ٹرینوں کی تعداد 14 ہزار 576 تک پہنچ گئی جو ایک ریکارڈ ہے۔
چائنہ ریلوے کے مطابق مشہور سیاحتی مقامات کے لئے 81 خصوصی تھیم پر مبنی سیاحتی ٹرینیں بھی چلائی گئیں جبکہ سرحد پار مسافر ٹریفک میں بھی نمایاں اضافہ ہوا۔
گوانگ ژو۔شین زین۔ہانگ کانگ تیز رفتار ریلوے نے 8 لاکھ 99 ہزار سفری دورے ریکارڈ کئے جو گزشتہ سال کے مقابلے میں 6.3 فیصد زیادہ ہیں جبکہ چین۔لاؤس ریلوے نے سرحد پار 9 ہزار سفری دورے کئے جو 20.9 فیصد اضافے کو ظاہر کرتا ہے۔


