وزیراعظم شہباز شریف نے پاکستان کی درخواست پر پراجیکٹ فریڈم کو عارضی روکنے پر امریکی صدر کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا ہے کہ ڈونلڈ ٹرمپ کا فراخدلانہ ردعمل علاقائی امن، استحکام اور مفاہمت کے فروغ میں اہم کردار ادا کرے گا۔
سوشل میڈیا سائٹ ایکس پر جاری بیان میں شہباز شریف نے کہا کہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جرات مندانہ قیادت اور آبنائے ہرمز میں پراجیکٹ فریڈم کو عارضی طور پر روکنے کے بروقت اعلان پر ان کا شکر گزار ہوں۔
انہوں نے کہا کہ صدر ٹرمپ کا پاکستان و دیگر برادر ممالک، بالخصوص مملکت سعودی عرب اور میرے عزیز بھائی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کی درخواست پر فراخدلانہ ردعمل اس حساس دور میں علاقائی امن، استحکام اور مفاہمت کے فروغ میں اہم کردار ادا کرے گا۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان ان تمام کوششوں کی بھرپور حمایت کیلئے پرعزم ہے جو تحمل اور مکالمے و سفارت کاری کے ذریعے تنازعات کے پرامن حل کو فروغ دیتی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ہمیں پختہ امید ہے کہ موجودہ پیشرفت ایسے پائیدار معاہدے پر منتج ہوگی جو خطے و اس سے آگے دیرپا امن و استحکام کو یقینی بنائے گا۔


