صدر مملکت آصف زرداری نے ملک بھر کے محنت کشوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ مزدوروں کی قربانیاں ہی منصفانہ اجرت، مناسب اوقات کار اور باوقار حالات کار جیسے تصورات کی بنیاد ہیں، آئین پاکستان استحصال کے خاتمے اور مزدوروں کے حقوق کے تحفظ کا ضامن ہے، سٹیک ہولڈرز منصفانہ و مستحکم معیشت کے قیام کیلئے مشترکہ کوششیں کریں جہاں محنت کا احترام ہو اور استحصال کا خاتمہ یقینی بنایا جا سکے۔
عالمی یوم مزدور پر جاری بیان میں صدر مملکت نے کہا کہ شکاگو کے مزدوروں نے تاریخی جدوجہد (تقریبا 140برس قبل) میں اپنے حقوق کیلئے جانوں کا نذرانہ پیش کیا اور 8 گھنٹے کام، 8 گھنٹے آرام اور 8 گھنٹے اپنی مرضی کیلئے کا مطالبہ پیش کیا جو انسانی وقار کے اعتراف کی علامت تھا۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کے محنت کش ملک کی ترقی میں کلیدی کردار ادا کر رہے ہیں جو شہر تعمیر کرتے، زمینیں کاشت کرتے اور صنعتوں کو اپنی محنت سے چلائے رکھتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ مزدور محض معیشت کا حصہ نہیں بلکہ اس کی بنیاد ہیں۔
انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان بین الاقوامی معیار کے مطابق مزدوروں کے حقوق کے فروغ کیلئے پرعزم ہے جن میں منصفانہ اجرت، سماجی تحفظ، جبری مشقت اور چائلڈ لیبر کا خاتمہ اور امتیازی سلوک سے پاک ماحول شامل ہے۔
انہوں نے کہا کہ حکومت عالمی لیبر آرگنائزیشن کے کنونشنز اور پائیدار ترقی کے اہداف کے حصول کیلئے بھی کوشاں ہے۔
انہوں نے بیرون ملک کام کرنیوالے پاکستانیوں کو اہم ستون قرار دیتے ہوئے کہا کہ ان کی ترسیلات زر ملکی معیشت کے استحکام میں اہم کردار ادا کرتی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ محفوظ کام کے حالات، منصفانہ اجرت اور مساوی مواقع کی فراہمی حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے اور اس حوالے سے مزید اقدامات کئے جائیں گے تاکہ ہر مزدور باوقار زندگی گزار سکے۔
انہوں نے کہا کہ حکومت ہنرمندی کے فروغ، تکنیکی و پیشہ ورانہ تعلیم، خواتین کی شمولیت اور نوجوانوں کیلئے روزگار کے مواقع پیدا کرنے کیلئے اقدامات کر رہی ہے۔
انہوں نے مزدوروں، آجروں، ٹریڈ یونینز، صوبائی حکومتوں اور بین الاقوامی شراکت داروں پر زور دیا کہ وہ ایک منصفانہ اور مستحکم معیشت کے قیام کیلئے مشترکہ کوششیں کریں جہاں محنت کا احترام ہو اور استحصال کا خاتمہ یقینی بنایا جا سکے۔
انہوں نے کہا جو قوم اپنے مزدوروں کا تحفظ کرتی ہے وہ اپنے مستقبل کو محفوظ بناتی ہے، مزدوروں کو بااختیار بنانا پائیدار قومی ترقی کی بنیاد ہے۔


