تشدد ہم پر ہوا، نوجوان بھی شہید ہوئے،معافی کا کہنے والے ہم سے معافی مانگیں،عمر ایوب

فیصل آباد: قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر عمر ایوب نے کہا ہے کہ تشدد ہم پر ہوا، نوجوان بھی ہمارے شہید ہوئے،معافی کا کہنے والے ہم سے معافی مانگیں، ہم پر بوگس مقدمات بنائے گئے، ایک ہی دن میں دس مقامات پر کیسے موجود ہوسکتے ہیں؟۔
تفصیلات کے مطابق فیصل آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سیکرٹری جنرل پی ٹی آئی و قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر عمر ایوب نے کہا کہ شیر افضل مروت کو بانی پارٹی کی ہدایت پر شو کاز نوٹس جاری کردیا ہے، بانی پارٹی نے شیر افضل مروت سے ابھی قومی اسمبلی کی نشست سے استعفیٰ لینے کا نہیں کہا ، شوکاز کے بعد پارٹی کی سیاسی کمیٹی ان کے بارے میں فیصلہ کرے گی۔
انہوں نے کہا کہ ہم پر بوگس مقدمے بنائے گئے ہیں ، ایک ہی دن میں دس مقامات پر کیسے موجود ہوسکتے ہیں؟، ہم معافی کس سے مانگیں کیوں مانگیں، ہم پر تشدد کیا گیا، ہمارے 15لوگ شہید ہوئے ان کی معافی کون مانگے گا، جو معافی کا کہہ رہے ہیں وہ ہم سے معافی مانگیں۔
انہوں نے کہا کہ ملک کے حالات سب کے سامنے ہیں، ان سے ملک چل نہیں رہا، انہوں نے گندم میں 350ارب روپے کا ٹیکہ لگایا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ انوار الحق کاکڑ فارم 47کی بات کررہے ہیں ، ہم اس کیخلاف پٹیشن دائر کررہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی سے بات چیت چل رہی ہے، ان کے نئے امیر آئے ہیں ،امید ہے وہ اپوزیشن الائنس کا ساتھ دیں گے۔

Author

  • China Urdu

    Daily China Urdu and chinaurdu.com are trusted media brands emerging in Pakistan and beyond with primary goals of providing information and knowledge free from propaganda and lies.

    View all posts