آسٹریلیا (لارڈ میڈیا): سوشل میڈیا کمپنی میٹا نے آسٹریلیا میں 7 لاکھ 56 ہزار سے زائد فیس بک اور انسٹاگرام اکاؤنٹس بند کر دیے ہیں۔ یہ اکاؤنٹس 16 سال سے کم عمر بچوں کے تھے، اور یہ قدم آسٹریلیا کے قانون کے تحت اٹھایا گیا ہے جو کم عمر بچوں کے سوشل میڈیا استعمال پر پابندی عائد کرتا ہے۔
میٹا کے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق، دسمبر سے جون کے درمیان انسٹاگرام کے 4 لاکھ 62 ہزار اور فیس بک کے 2 لاکھ 94 ہزار مشکوک اکاؤنٹس کو معطل کیا گیا ہے۔ کمپنی نے ان اکاؤنٹس کی نشان دہی کے لیے اے آئی کی مدد لی ہے جس کے ذریعے صارف کے پروفائل اور سرگرمیوں کا جائزہ لیا جاتا ہے تاکہ عمر کا اندازہ لگایا جا سکے۔
آسٹریلیا کی حکومت نے اس قانون کو بچوں کی جسمانی اور ذہنی صحت پر سوشل میڈیا کے اثرات کے پیش نظر نافذ کیا تھا۔ تاہم، سرکاری اعداد و شمار اور آزاد تحقیقات سے معلوم ہوا ہے کہ ابتدائی تین مہینوں میں بھی 80 فیصد سے زائد بچے سوشل میڈیا کا استعمال کرتے رہے۔
آسٹریلین انٹرنیٹ ریگولیٹری اتھارٹی ان کمپنیوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی پر غور کر رہی ہے جو پابندی کو نافذ کرنے کے لیے کافی اقدام نہیں کر رہیں۔ حکومت نے قانون پر عمل نہ کرنے والی کمپنیوں کے لیے جرمانے کی رقم دوگنی کر کے 9 کروڑ 90 لاکھ آسٹریلین ڈالر کرنے کی تجویز دی ہے۔
اس معاملے پر آسٹریلوی پارلیمنٹ کی ایک کمیٹی کے سامنے میٹا، ٹک ٹاک، گوگل اور اسنیپ چیٹ جیسی بڑی ٹیکنالوجی کمپنیوں کے نمائندے اپنا مؤقف پیش کریں گے۔ میٹا نے کہا ہے کہ وہ بچوں کے لیے انٹرنیٹ کو محفوظ بنانے کے سرکاری مقصد سے متفق ہے اور اپنی ذمہ داریاں پوری کر رہی ہے۔


