ہومتازہ ترینسنکیانگ میں دودھ کی چائے سے عوامی سطح پر بہتر نظم ونسق...

سنکیانگ میں دودھ کی چائے سے عوامی سطح پر بہتر نظم ونسق اور نسلی اتحاد کا فروغ

ارمچی (شِنہوا) چین کے شمال مغربی علاقے سنکیانگ ویغور خودمختار خطے کی ایک کمیونٹی میں دودھ کی چائے صرف ایک مشروب نہیں ہے۔

صحن میں جب دودھ کی چائے پک رہی ہوتی ہے تو مقامی لوگ کپ ہاتھ میں لئے جمع ہوتے ہیں اور روزمرہ کے مسائل جیسے خراب سٹریٹ لائٹس، مرمت کی ضرورت والی گلیاں یا محلے کے دیگر چھوٹے موٹے مسائل پر بات کرتے ہیں۔

ایلی قازق خودمختار پریفیکچر کے شہر یی ننگ کی کونچی مائی لی کمیونٹی میں 9 مختلف قومیتوں سے تعلق رکھنے والے 2ہزار 100 سے زائد افراد رہتے ہیں جن میں ویغور، ہان، ہوئی، قازق، منگول اور ازبک شامل ہیں۔

مقامی لوگوں کے پسندیدہ مشروب دودھ کی چائے کو ذریعہ بنا کر محفل منعقد کی جاتی ہے۔ اس میں رسمی اجلاسوں کے بجائے لوگ سکون سے بیٹھ کر چائے پیتے اور اپنے مسائل اور خیالات بیان کرتے ہیں۔

جولائی کے آخر میں ہونے والی ایسی ہی ایک محفل میں باقاعدگی سے شرکت کرنے والی رہائشی بتناسون بادما نے گرمیوں کی چھٹیوں کے دوران بچوں کی حفاظت کا مسئلہ اٹھایا۔

انہوں نے کہا کہ گرمی سے بچنے کے لئے بہت سے بچے قریبی دریا میں تیراکی کرتے ہیں جو کافی خطرناک ہے۔

کمیونٹی نے اس مسئلے کا نوٹس لیا، بعد میں بچوں کے لئے ایک بڑا پھولنے والا سوئمنگ پول خریدا اور لگایا گیا جبکہ کالج کے رضاکار طلبہ کو بچوں کی دیکھ بھال اور پڑھائی میں مدد کے لئے بلایا گیا تاکہ بچے محفوظ اور خوشگوار انداز میں گرمیوں کی چھٹیاں گزار سکیں۔

کچھ لوگوں کے لئے چائے کی یہ محفل کاروبار بہتر بنانے میں بھی مددگار ثابت ہوئی۔ مقامی کاریگر عبدالشکور عبدالقادر کی ہاتھ سے تیار کردہ چمڑے کی جوتیاں اعلیٰ معیار کی ہیں لیکن سیاحتی سیزن میں بڑی تعداد میں سیاح آنے کے باوجود ان کی فروخت نہیں بڑھ رہی تھی۔ محفل میں پڑوسیوں نے مشورہ دیا کہ وہ جوتیوں کو یادگاری کی چین میں تبدیل کریں۔ مقامی کدو پر مصوری کرنے والی فنکارہ زولایت نورت نے بھی مدد کی پیشکش کی۔

زولایت نورت نے روایتی کدو پر اپنی مصوری کے فن کی مزید تشہیر کی ضرورت بھی بیان کی۔ کمیونٹی نے فوری طور پر ان کے فن پاروں کی سرکاری پلیٹ فارمز پر تشہیر شروع کی اور انہیں 30مربع میٹر کا سٹوڈیو مفت فراہم کیا۔ انہوں نے کہا کہ کمیونٹی واقعی ہماری کوششوں کی قدر کرتی ہے۔

کمیونٹی کے پارٹی سربراہ نجات پرہت کے مطابق دودھ کی چائے کی یہ محفلیں 2023 میں شروع ہوئی تھیں اور اس کے بعد سے ہر ماہ منعقد کی جا رہی ہیں۔

رواں سال جنوری سے مئی تک یی ننگ کے 24 ٹاؤن شپ اور ذیلی اضلاع میں 4ہزار 260 محفلیں منعقد ہوئیں، جن میں ایک لاکھ 27 ہزار 800 افراد نے شرکت کی۔ اس دوران 2 ہزار سے زائد تجاویز موصول ہوئیں اور عوام کی زندگی سے متعلق تقریباً ایک ہزار مسائل حل کئے گئے۔

یہ طریقہ صرف سنکیانگ تک محدود نہیں۔ چین کے مشرقی صوبے فوجیان کے کاؤنٹی سطح کے شہر وویی شان میں ووفو ٹاؤن شپ کی مقامی عوامی کانگریس نے ایک قدیم گلی میں چائے کا ایک مرکز قائم کیا ہے، جہاں رہائشیوں کو چائے پر مدعو کیا جاتا ہے تاکہ وہ اپنے خیالات اور مسائل بیان کر سکیں۔

چین بھر میں فینگ چھیاؤ تجربے کو فروغ دیا جا رہا ہے۔ یہ مقامی سطح پر سماجی انتظام کا ایک طریقہ ہے جو 1960 کی دہائی میں چین کے صوبے مشرقی ژے جیانگ کے فینگ چھیاؤ ٹاؤن شپ میں شروع ہوا تھا۔

اس نظام کے تحت سماجی تنازعات کو مقامی سطح پر عوام کے درمیان ہی حل کرنے کی کوشش کی جاتی ہے تاکہ معاملہ اعلیٰ حکام تک نہ پہنچے۔

Author

متعلقہ تحاریر
- Advertisment -
Google search engine

متعلقہ خبریں