ہومتازہ ترینچین اور ملائیشیا کے درمیان مضبوط فضائی رابطہ تجارت اور سفر کو...

چین اور ملائیشیا کے درمیان مضبوط فضائی رابطہ تجارت اور سفر کو مزید فروغ دے رہا ہے، ملائیشین وزیر

کوالالمپور (شِنہوا) ملائیشیا کے وزیر ٹرانسپورٹ انتھونی لوک سیو فوک نے کہا ہے کہ چین اور ملائیشیا کے درمیان مضبوط فضائی رابطہ تجارت، سفر اور عوامی روابط کو فروغ دینے میں اہم کردار ادا کر رہا ہے جس سے دونوں ممالک کے درمیان کاروباری مواقع اور سرمایہ کاری میں بھی اضافہ ہو رہا ہے۔

انتھونی لوک نے یہاں تھنک بزنس، تھنک ہانگ کانگ 2026 سمپوزیم سے خصوصی خطاب میں کہا کہ رابطہ سرمائے اور لوگوں کی نقل و حرکت کے لئے ضروری ہے۔ دونوں ممالک کے درمیان یہ فضائی رابطہ ایک قیمتی ذریعہ اور اہم رابطہ بن چکا ہے جبکہ اسے مزید وسعت دینے اور بہتر بنانے کے لئے کوششیں جاری ہیں۔

انہوں نے کہا کہ دونوں جانب کئی ایئرلائنز روزانہ اس روٹ پر پروازیں چلاتی ہیں۔ کیتھے پیسیفک نے رواں سال مارچ سے روزانہ چوتھی پرواز بھی شروع کر دی ہے، جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ اس روٹ کی تجارتی طلب حقیقی ہے اور مسلسل بڑھ رہی ہے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ جولائی میں ملائیشیا ایئرلائنز نے کوالالمپور سے شین زین اور چھانگشا کے لئے براہ راست پروازیں شروع کیں جس کے بعد عظیم تر چین کے لئے اس کا نیٹ ورک اب 9 شہروں تک پھیل گیا ہے۔

انتھونی لوک نے کہا کہ یہی صورتحال کارگو اور مال برداری کے معاملے میں بھی ہے۔ ہانگ کانگ بین الاقوامی ہوائی اڈہ دنیا کے مصروف ترین کارگو مراکز میں شامل ہے جبکہ کلانگ بندرگاہ دنیا کی انتہائی مصروف سمندری گزرگاہوں میں سے ایک پر واقع ہے۔ ملائیشیا کی برآمدات میں الیکٹرانکس، سیمی کنڈکٹرز اور دیگر قیمتی مصنوعات کا حصہ بڑھ رہا ہے جنہیں وقت پر پہنچانا ضروری ہوتا ہے اور ان کی ترسیل فضائی راستے سے کی جاتی ہے۔

انتھونی لوک نے کہا کہ چین، بشمول ہانگ کانگ خصوصی انتظامی خطہ نقل وحمل ، تجارتی مالیات، ثالثی اور پیشہ ورانہ خدمات کے شعبوں میں وسیع تجربے کے باعث عالمی منڈی تک ملائیشیا کی برآمدات کے لئے ایک اہم دروازے کی حیثیت رکھتا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ اگر آپ کا کاروبار ملائیشیا کی کسی فیکٹری سے ایشیا، یورپ یا شمالی امریکہ میں کسی بھی گاہک تک مصنوعات تیزی سے اور مکمل دستاویزات کے ساتھ پہنچانے پر منحصر ہے تو آپ کو اس فضائی و تجارتی راستے کا سنجیدگی سے جائزہ لینا چاہیے۔

ایک روزہ سیمپوزیم میں 200 سے زائد حکومتی اور کاروباری رہنماؤں، نئے کاروبار شروع کرنے والے افراد اور پیشہ ورانہ خدمات فراہم کرنے والوں نے شرکت کی۔ تقریب میں مذاکرات، کاروباری روابط، کاروباری شراکت کے مواقع اور انفرادی مشاورت کا اہتمام کیا گیا۔

Author

متعلقہ تحاریر
- Advertisment -
Google search engine

متعلقہ خبریں