بیجنگ (شِنہوا) چین کی سب سے بڑی ڈیجیٹل اشاعتی نمائش اگست کے آخر میں شروع ہوگی جس میں پہلی بار روایتی چینی ثقافت اور آن لائن گیمز کے باہمی امتزاج کو نمایاں کرنے والا شعبہ بھی شامل کیا جائے گا۔
نمائش کی منتظم کمیٹی کے مطابق 16 ویں چائنہ انٹرنیشنل ڈیجیٹل پبلشنگ ایکسپو 27 سے 29 اگست تک چین کے مشرقی صوبے شان ڈونگ کے دارالحکومت جنان میں منعقد ہو گی۔
حالیہ برسوں میں ’بلیک متھ: وو کانگ‘ جیسی مقامی گیمز کی مقبولیت نے جہاں چین کی گیمنگ انڈسٹری کی تکنیکی پیشرفت کا لوہا منوایا ہے، وہیں تخلیقی تبدیلی اور جدت طرازی کے ذریعے روایتی چینی ثقافت میں نئی روح بھی پھونکی ہے۔
2025 میں چین کی مقامی گیمنگ مارکیٹ کی حقیقی فروخت سے حاصل ہونے والی آمدنی 350 ارب یوآن (تقریباً 52 ارب امریکی ڈالر) سے تجاوز کر گئی، جو سالانہ بنیاد پر 7.68 فیصد زیادہ ہے، جبکہ صارفین کی تعداد 68 کروڑ 30 لاکھ تک پہنچ گئی، جو گزشتہ سال کے مقابلے میں 1.35 فیصد اضافہ ہے۔
منتظم کمیٹی نے مزید بتایا کہ ایکسپو میں 500 سے زائد نمائش کنندگان کی شرکت متوقع ہے جن میں چین کے 20 صوبائی سطح کے علاقوں کے وفود اور 30 سے زائد ملکوں اور خطوں کے بین الاقوامی شرکاء شامل ہوں گے۔
تقریب کی شریک میزبان چائنیز اکیڈمی آف پریس اینڈ پبلشنگ نمائش کے دوران مصنوعی ذہانت کے اطلاق سے متعلق صنعتی معیارات کی تیاری کے دوران حاصل ہونے والی عبوری کامیابیوں کا اعلان کرے گی۔


