کولمبیا (لارڈ میڈیا): کولمبیا میں 7.4 شدت کے طاقتور زلزلے سے کم از کم 132 افراد ہلاک اور تقریباً 570 زخمی ہوگئے ہیں۔ زلزلے سے کئی شہروں میں عمارتیں منہدم ہوگئیں اور متعدد افراد ملبے تلے پھنس گئے۔
حکام کے مطابق زلزلے کے بعد مزید ہلاکتوں کا خدشہ ہے کیونکہ کئی علاقوں میں لوگوں کے ملبے تلے دبے ہونے کی اطلاعات ہیں۔ امدادی ٹیمیں متاثرہ علاقوں میں ملبہ ہٹا کر زندہ بچ جانے والوں کو تلاش کر رہی ہیں، تاہم مکمل نقصان کا اندازہ لگانے میں وقت لگ سکتا ہے۔
کولمبیا کے صدر ابیلاردو ڈی لا ایسپریلا نے کہا ہے کہ زلزلے سے کم از کم 1،575 مکانات، 18 طبی مراکز اور 52 اسکول متاثر ہوئے ہیں۔ زلزلے کے بعد 21 آفٹر شاکس بھی ریکارڈ کیے گئے ہیں۔ حکومت نے ہنگامی حالت نافذ کرتے ہوئے فوری طور پر فنڈز فراہم کرنے کا اعلان کیا ہے۔
صدر نے یقین دلایا ہے کہ متاثرین کو تنہا نہیں چھوڑا جائے گا۔ زلزلے کے دوران پیریرا اور مانیسالس میں عمارتیں گرنے کی ویڈیوز سامنے آئیں ہیں۔ کالی شہر میں ایک کمسن بچی اور اس کی والدہ کو ملبے سے نکالا گیا۔
کولمبیا کی جیولوجیکل سروس نے کہا ہے کہ یہ 21ویں صدی کا سب سے طاقتور زلزلہ ہے اور مزید آفٹر شاکس آسکتے ہیں۔ زلزلے کا مرکز کولمبیا کے مغربی حصے میں واقع تھا جو بحرالکاہل کے قریب ہے۔


