تہران (لارڈ میڈیا): ایران نے امریکا اور اسرائیل کو خبردار کیا ہے کہ کسی بھی ممکنہ حملے کی صورت میں سنگین نتائج بھگتنا پڑیں گے۔ ایران کی خاتم الانبیا بریگیڈ کے میجر جنرل علی عبداللہی نے کہا ہے کہ جارحانہ اقدامات کے دور کا خاتمہ ہوچکا ہے اور کسی بھی غلط اندازے پر مبنی کارروائی کا بھرپور جواب دیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ امریکا اور اس کے اتحادیوں کو اپنی فوجی تیاری میں کفن بھی شامل کرنا چاہیے۔ ایرانی خبر ایجنسی تسنیم کے مطابق ایران کے پاس بھرپور صلاحیت، واضح ارادہ اور جامع منصوبہ موجود ہے۔
یہ بیان اس وقت سامنے آیا جب ایک امریکی اخبار نے دعویٰ کیا کہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران پر نئے حملوں کا حکم دیا ہے۔ رپورٹ کے مطابق امریکا اور اسرائیل ایران کی توانائی تنصیبات کو نشانہ بنانے کی منصوبہ بندی کر رہے ہیں اور حملے کسی بھی وقت کیے جا سکتے ہیں۔ دوسری جانب صدر ٹرمپ نے کابینہ اجلاس کے دوران میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ایران پر وعدے سے پھرنے اور غلط بیانی کرنے کا الزام عائد کیا ہے۔


