ممبئی (لارڈ میڈیا): بھارتی ٹی وی اداکارہ شیوانگی جوشی نے شو ‘لاک اپ 2’ میں اپنے بچپن کے تلخ تجربات کا انکشاف کیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ان کے خاندان کے ایک قابلِ اعتماد شخص نے ان کے اعتماد کا غلط فائدہ اٹھایا، جس کا اثر ان کی زندگی پر طویل عرصے تک رہا۔
شیوانگی نے وضاحت کی کہ یہ شخص ان کی والدہ کا قریبی جاننے والا تھا، جسے وہ ‘ماماجی’ کہہ کر پکارتی تھیں۔ انہوں نے بچپن سے اداکاری کا شوق تھا اور ممبئی جا کر کیریئر کا آغاز کرنا چاہتی تھیں، جس کا اس شخص نے فائدہ اٹھایا۔
اداکارہ نے بتایا کہ ابتدا میں انہیں اس کے رویے کی نوعیت سمجھ نہیں آئی۔ وہ انہیں اداکاری کے لیے گاڑی چلانا سیکھنے کا کہتا تھا اور اسی بہانے نامناسب رویہ اختیار کرتا تھا۔ بعد میں اس نے فلموں کے مناظر کے بارے میں بات کی، جس سے شیوانگی خود کو غیر محفوظ محسوس کرنے لگیں۔
خوش قسمتی سے ان کے والدین وقت پر گھر واپس آگئے اور اس شخص کو گھر سے نکال دیا۔ اس واقعے کے بعد شیوانگی کے والدین انہیں اکیلا چھوڑنے سے خوفزدہ رہتے تھے، جبکہ شیوانگی خود بھی ایک عرصے تک گھر سے باہر نکلنے سے ڈرتی رہیں۔
شیوانگی نے بتایا کہ انہوں نے پہلے کبھی اس تجربے کے بارے میں اتنی کھل کر بات نہیں کی تھی۔ انہوں نے رام کپور، ہرشاد چوپڑا اور ‘لاک اپ 2’ کے ساتھی شرکا کا شکریہ ادا کیا جنہوں نے انہیں اپنی کہانی بیان کرنے کی ہمت دی۔
شیوانگی کی والدہ نے بھی اس گفتگو پر ردعمل دیتے ہوئے والدین پر زور دیا کہ وہ بچوں سے ‘گڈ اور بیڈ ٹچ’ کے بارے میں کھل کر بات کریں۔ انہوں نے کہا کہ والدین کو بچوں کے لیے محفوظ ماحول بنانا چاہیے جہاں وہ بلا جھجھک بات کر سکیں۔


