زیورخ (لارڈ میڈیا): عالمی فٹبال تنظیم فیفا کو ورلڈکپ اور دیگر بڑے ایونٹس کے تجارتی و انتظامی امور کے لیے 20 ارب ڈالر مالیت کی ایک ذیلی کمپنی قائم کرنے کے منصوبے پر مخالفت کا سامنا ہے۔ یورپی فٹبال تنظیم یوئیفا نے اس منصوبے کو کھیل کی روح فروخت کرنے کے مترادف قرار دیا ہے۔
فیفا کے مطابق نئی کمپنی ‘فیفا فارورڈ انٹرپرائز’ کے نام سے قائم کی جائے گی جو ورلڈکپ سمیت بڑے ٹورنامنٹس کے کمرشل اور ایونٹ آپریشنز سنبھالے گی۔ فیفا اس کمپنی کا مکمل کنٹرول اپنے پاس رکھے گا تاہم 20 فیصد تک حصص بیرونی سرمایہ کاروں کو فروخت کیے جائیں گے جس کے ذریعے تقریباً 4.2 ارب ڈالر جمع کرنے کا ہدف رکھا گیا ہے۔
فیفا کا کہنا ہے کہ حاصل ہونے والی رقم عالمی سطح پر فٹبال کی ترقی، انفراسٹرکچر، کوچنگ، قومی ٹیموں، خواتین کے فٹبال اور گراس روٹ پروگرامز پر خرچ کی جائے گی تاکہ رکن ممالک کو زیادہ مالی معاونت فراہم کی جا سکے۔
فیفا کے صدر جیانی انفانٹینو نے کہا کہ تنظیم کا مقصد دنیا بھر میں فٹبال کی مساوی ترقی کو یقینی بنانا ہے اور اس منصوبے سے حاصل ہونے والا تمام خالص منافع دوبارہ کھیل کی بہتری پر خرچ کیا جائے گا۔
یوئیفا نے اس تجویز کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ فٹبال کی حکمرانی اور اس کی روح کوئی تجارتی اثاثہ نہیں جسے سرمایہ کاروں کے حوالے کیا جائے۔ برطانیہ کے وزیراعظم اینڈی برنہم سمیت کئی شخصیات نے بھی منصوبے پر اعتراض کیا ہے۔
فیفا نے واضح کیا ہے کہ اس منصوبے کو حتمی منظوری سے قبل 211 رکن ممالک اور فیفا کونسل کے سامنے پیش کیا جائے گا جہاں اس پر آخری فیصلہ کیا جائے گا۔


