دبئی (لارڈ میڈیا): ویسٹ انڈیز کے خلاف پہلے ٹیسٹ میچ میں ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر پاکستان کے فاسٹ باؤلرز خرم شہزاد اور محمد عباس کے خلاف انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے جرمانہ عائد کر دیا ہے۔ آئی سی سی کے مطابق خرم شہزاد پر میچ فیس کا 15 فیصد جرمانہ عائد کیا گیا جبکہ محمد عباس کو ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر سرزنش کی گئی۔
آئی سی سی نے بتایا ہے کہ دونوں کھلاڑیوں کے ڈسپلنری ریکارڈ میں ایک ایک ڈی میرٹ پوائنٹ شامل کر دیا گیا ہے۔ خرم شہزاد نے ویسٹ انڈیز کے کپتان شائی ہوپ کے آؤٹ ہونے پر جبکہ محمد عباس نے جومل واریکن کی وکٹ لینے کے بعد جشن کے دوران ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کی۔
آئی سی سی نے کہا کہ دونوں کھلاڑیوں نے اپنی غلطی تسلیم کرتے ہوئے میچ ریفری کی جانب سے دی گئی سزاؤں کو قبول کر لیا، جس کے باعث باضابطہ سماعت کی ضرورت پیش نہیں آئی۔
واضح رہے کہ ویسٹ انڈیز نے برائن لارا کرکٹ اکیڈمی میں کھیلے جانے والے پہلے ٹیسٹ میں پاکستان کو 90 رنز سے شکست دی۔ پاکستان کی ٹیم 211 رنز کے ہدف کے تعاقب میں 120 رنز پر ڈھیر ہو گئی۔
ویسٹ انڈیز نے چوتھے دن کا آغاز اپنی دوسری اننگز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 126 رنز سے کیا اور پوری ٹیم 181 رنز پر آؤٹ ہو گئی، جس سے انہیں مجموعی طور پر 210 رنز کی برتری ملی۔


