اسلام آباد (لارڈ میڈیا): قومی و صوبائی اسمبلیوں میں اقلیتی نشستیں بڑھانے کی درخواست وفاقی آئینی عدالت میں دائر کر دی گئی ہے۔ یہ درخواست نصیب مسیح ایڈووکیٹ کی جانب سے دی گئی ہے، جس میں وفاقی حکومت اور سیکرٹری قانون و پارلیمانی امور کو فریق بنایا گیا ہے۔
درخواست میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ لاہور ہائیکورٹ نے اسمبلی میں اقلیتی نشستوں کے اضافے کی درخواست پر درست فیصلہ نہیں کیا۔ درخواست گزار کا کہنا ہے کہ مردم شماری کے تحت اقلیتوں کی نشستیں بڑھائی جانی چاہیے تھیں، لیکن اسے نظر انداز کیا گیا۔
درخواست میں مزید کہا گیا ہے کہ جیسے مسلم آبادی میں اضافہ ہوتا ہے، ویسے ہی اقلیتوں کی تعداد میں بھی اسی تناسب سے اضافہ ہونا چاہیے۔ درخواست میں خواتین کی نشستوں کی نمائندگی میں بھی اضافے کی تجویز دی گئی ہے تاکہ آبادی کے تناسب سے نمائندگی یقینی بنائی جا سکے۔


