ٹوکیو (لارڈ میڈیا): جاپان کے جنوب مغربی جزیرے کیوشو میں 7.1 شدت کے زلزلے کے نتیجے میں 13 افراد ہلاک ہوگئے ہیں جبکہ متعدد افراد لاپتہ ہیں۔ امدادی کارکن ملبے تلے دبے افراد کو نکالنے کیلئے ریسکیو کارروائیوں میں مصروف ہیں۔
خبر ایجنسی کے مطابق اب تک 9872 افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا جا چکا ہے جبکہ 36 ہزار 700 گھروں کی بجلی منقطع ہے۔
امریکی جیولوجیکل سروے کے مطابق زلزلہ شام چار بج کر 27 منٹ پر کیوشو جزیرے کے اندرونی علاقے میں آیا۔
زلزلے کے بعد کوماموتو کے علاقے میں ایک شاپنگ مال میں بڑے پیمانے پر امدادی کارروائیاں جاری ہیں، جہاں متعدد افراد کے پھنسے ہونے کی اطلاعات ہیں۔ عینی شاہدین کے مطابق عمارت کی دوسری منزل زمین بوس ہوگئی ہے۔
جاپانی حکام نے بتایا ہے کہ شاپنگ مال میں پھنسے متعدد افراد کا ابھی تک سراغ نہیں لگایا جا سکا ہے، جبکہ ایک فیکٹری میں چمنی گرنے کے بعد بھی متعدد افراد کی تلاش جاری ہے۔


