ہمبنٹوٹا (لارڈ میڈیا): سری لنکا ویمنز نے تیسرے ون ڈے انٹرنیشنل میں پاکستان ویمنز کو 8 وکٹوں سے شکست دے کر تین میچوں کی سیریز 1-2 سے جیت لی۔ پاکستان نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 40 اوورز میں 187 رنز بنائے۔ پاکستان کے ابتدائی کھلاڑیوں نے جلدی وکٹیں گنوائیں، صدف شمس 9، سدرا امین اور عائشہ ظفر بغیر رنز بنائے آؤٹ ہوئیں۔ گل فیروزہ نے 40 اور منیبہ علی نے 34 رنز کے ساتھ ٹیم کو کچھ سنبھالا دیا۔ کپتان فاطمہ ثنا نے 41 رنز بنائے۔ سری لنکن بولرز میں چماری اتاپتو، چیتھانا اور کویشا دلہاری نے تین تین وکٹیں حاصل کیں۔
سری لنکن ویمنز نے 188 رنز کا ہدف 38ویں اوور میں صرف 2 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا۔ ہرشیتھا نے 71 اور ہسنی پریرا نے 50 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہیں جبکہ چماری اتاپتو نے 52 رنز کی عمدہ اننگز کھیلی۔ سری لنکا نے یہ میچ جیت کر سیریز اپنے نام کی۔ اب دونوں ٹیموں کے درمیان تین ٹی ٹوئنٹی میچز کی سیریز جمعے سے شروع ہوگی۔


