قاہرہ (لارڈ میڈیا): پاکستان کی انڈر-18 ہاکی ٹیم نے مصر میں ہونے والے ہاکی فائیو اے سائیڈ ورلڈ کپ کے لیے کوالیفائی کرلیا ہے۔ ٹیم نے اس شاندار کامیابی کے ساتھ ٹورنامنٹ کے فائنل میں بھی جگہ بنالی ہے جہاں اس کا مقابلہ 25 جولائی کو بھارت سے ہوگا۔
قومی جونیئر ٹیم نے پورے ایونٹ میں بہترین ڈسپلن، جارحانہ کھیل اور حکمت عملی کا مظاہرہ کیا۔ اس کارکردگی نے ٹیم کو فائنل تک پہنچا دیا اور ورلڈکپ کا ٹکٹ حاصل کیا، جو پاکستان ہاکی کے روشن مستقبل کا ثبوت ہے۔
پاکستان ہاکی فیڈریشن کے ترجمان نے کہا کہ یہ کامیابی قوم کے لیے ایک عظیم تحفہ ہے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ نوجوان کھلاڑیوں نے محنت اور جذبے کے ساتھ میدان میں گرین شرٹس کی نمائندگی کی، جو قابلِ تحسین ہے۔ یہ ہماری جونیئر ہاکی ڈیویلپمنٹ پالیسی کی بڑی کامیابی ہے۔
ترجمان پی ایچ ایف نے قوم سے اپیل کی کہ فائنل کے لیے ٹیم کی خصوصی دعائیں کریں۔ پاکستان ہاکی فیڈریشن کے صدر، ڈیویلپمنٹ کمیٹی، چیف سلیکٹر اور کوچنگ اسٹاف نے کھلاڑیوں اور قوم کو مبارکباد دی ہے اور امید ظاہر کی ہے کہ ٹیم فائنل بھی جیتے گی۔


