اسلام آباد (لارڈ میڈیا) پاکستان کے پاسپورٹ کی عالمی درجہ بندی میں دو درجے بہتری آئی ہے، جس کے بعد یہ 103 سے 101 نمبر پر آگیا ہے۔ ہینلے پاسپورٹ انڈیکس 2026 کے مطابق، پاکستانی پاسپورٹ کے حامل افراد اب 29 ممالک یا خطوں میں بغیر پیشگی ویزا کے سفر کر سکتے ہیں۔ یہ درجہ بندی ہینلے اینڈ پارٹنرز کی جانب سے جاری کی گئی ہے، جس میں دنیا کے 199 پاسپورٹس اور 227 سفری مقامات کا جائزہ لیا جاتا ہے۔
پاکستان کی درجہ بندی میں بہتری کے باوجود، یہ اب بھی دنیا کے کمزور ترین پاسپورٹس میں شامل ہے۔ تازہ فہرست میں پاکستان صرف عراق، شام اور افغانستان سے بہتر پوزیشن پر ہے، جبکہ افغانستان فہرست کے آخری نمبر پر ہے۔ علاقائی ممالک کے موازنے میں، بھارت 81ویں نمبر پر ہے اور اس کے شہری 55 مقامات پر ویزا فری سفر کر سکتے ہیں، جبکہ بنگلہ دیش اور نیپال بھی پاکستان سے آگے ہیں۔
عالمی درجہ بندی میں سنگاپور پہلے نمبر پر برقرار ہے، جہاں کے شہری 192 مقامات پر بغیر پیشگی ویزا کے سفر کر سکتے ہیں۔ جاپان دوسرے نمبر پر ہے، جبکہ جنوبی کوریا اور متحدہ عرب امارات بھی نمایاں ہیں۔ یورپی ممالک سویڈن، بیلجیم، ڈنمارک وغیرہ بھی اعلیٰ درجہ بندی میں شامل ہیں۔
ہینلے پاسپورٹ انڈیکس بین الاقوامی فضائی نقل و حمل کی تنظیم (آئی اے ٹی اے) کے ڈیٹا پر مبنی ہے اور یہ گزشتہ 20 برسوں کے ریکارڈ کو برقرار رکھتا ہے۔ اسی وجہ سے یہ انڈیکس دنیا بھر میں حکومتوں اور پالیسی سازوں کی جانب سے پاسپورٹس کی عالمی حیثیت جانچنے کے لیے ایک اہم حوالہ تصور کیا جاتا ہے۔


