راولپنڈی (لارڈ میڈیا): سکیورٹی فورسز نے بلوچستان کے مستونگ علاقہ کھڈ کوچہ میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن العزم کے تحت کارروائی کرتے ہوئے فتنہ الہندوستان کے 4 دہشتگرد ہلاک کر دیے۔ سکیورٹی ذرائع کے مطابق آپریشن کے دوران بھاری مقدار میں اسلحہ اور گولہ بارود برآمد ہوا جبکہ دہشتگردوں کے زیر استعمال موٹر سائیکلیں بھی ضبط کر لی گئیں۔
مزید برآں، کارروائی میں متعدد دہشتگرد زخمی ہوئے اور ان کے سہولت کاروں میں ملوث مشتبہ افراد کو گرفتار کیا گیا ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ علاقے میں سرچ اور کلیئرنس کی کارروائیاں جاری ہیں اور سکیورٹی فورسز کی مکمل نگرانی برقرار ہے۔
ذرائع کے مطابق مستونگ کے علاقہ کھڈ کوچہ میں حالیہ دنوں میں دہشتگردوں کی مذموم کارروائیوں کے بعد انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن تیز کیا گیا ہے۔ دہشتگردی کے خاتمے اور خطے میں امن و امان کے قیام تک یہ کارروائیاں جاری رہیں گی۔


