اسلام آباد (لارڈ میڈیا): ترجمان دفتر خارجہ طاہر حسین اندرابی نے کہا ہے کہ حوثی ملیشیا کی سعودی عرب اور کمرشل جہاز رانی کو دی گئی دھمکیاں قابل مذمت ہیں۔ سعودی عرب کی علاقائی سلامتی اور خودمختاری کے تحفظ کا اعادہ کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ یمنی گروہوں کے حملے خطے کی صورتحال مزید خراب کریں گے۔
ترجمان نے نیوز بریفنگ میں کہا کہ پاکستان نے بحیرہ احمر میں جہازوں کو نشانہ بنانے کے اعلانات کی شدید مذمت کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ تجارتی جہازوں کو دھمکیاں علاقائی امن اور تجارت کے لیے سنگین خطرہ ہیں اور یہ عالمی قوانین کی کھلی خلاف ورزی ہیں۔
طاہر حسین اندرابی نے واضح کیا کہ پاکستان اپنے بحری مفادات کے تحفظ کے لیے پرعزم ہے اور سعودی عرب کے ساتھ تمام دفاعی معاہدوں پر عملدرآمد کا پابند ہے۔ انہوں نے کہا کہ ریڈ لائنز اور تعیناتی کے معاملات آپریشنل تفصیلات کے زمرے میں آتے ہیں۔
ترجمان دفتر خارجہ نے مزید کہا کہ پاکستان مشرق وسطیٰ میں کشیدگی پر تشویش رکھتا ہے اور کشیدگی کم کرنے کے لیے کوششیں جاری ہیں۔ ایرانی وزیر داخلہ نے اسی مناسبت سے پاکستان کا دورہ کیا جبکہ منیلا میں آسیان اجلاس کے دوران بھی پاک مصر وزرائے خارجہ کی ملاقات ہوئی۔
انہوں نے یورپی یونین کی جی ایس پی رپورٹ کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور امریکا کے درمیان تجارتی مذاکرات جاری ہیں اور ٹیرف کے معاملات پر امریکا کو پاکستانی مؤقف سے آگاہ کردیا گیا ہے۔


