ہومتازہ تریناینڈی برنہم نے برطانیہ کے وزیراعظم کا منصب سنبھال لیا، نئی کابینہ...

اینڈی برنہم نے برطانیہ کے وزیراعظم کا منصب سنبھال لیا، نئی کابینہ کا اعلان

لندن (شِنہوا) برطانیہ میں لیبر پارٹی کے رہنما اینڈی برنہم نے وزیراعظم کے عہدے کا حلف اٹھا لیا اور اپنی نئی کابینہ کا اعلان کرتے ہوئے وسیع سیاسی اور معاشی اصلاحات کا عزم ظاہر کیا ہے۔

اینڈی برنہم باضابطہ طور پر اس وقت برطانیہ کے وزیراعظم بن گئے جب شاہ چارلس سوم نے انہیں بکنگھم پیلس میں حکومت تشکیل دینے کی دعوت دی۔ انہوں نے کیئر سٹارمر کی جگہ سنبھالی جنہوں نے اس سے قبل اپنا استعفیٰ شاہ کو پیش کیا تھا۔

بعد ازاں برنہم نے 10 ڈاؤننگ سٹریٹ کے باہر وزیراعظم کی حیثیت سے اپنی پہلی تقریر کی۔ انہوں نے کہا کہ 2016 کے بعد وہ برطانیہ کے ساتویں وزیراعظم ہیں اور اعتراف کیا کہ سیاست دان ’’عوام کی توقعات پر پورا نہیں اتر سکے‘‘ تاہم انہوں نے بہتر کارکردگی کا وعدہ کیا۔

اینڈی برنہم نے کہا کہ ’’ہم اس لمحے کو برطانیہ کے لئے ایک فیصلہ کن موڑ بنائیں گے اور گزشتہ 40 برسوں کی سب سے بڑی تبدیلیاں متعارف کرائیں گے جن میں ایک نیا سیاسی اور نیا معاشی ماڈل شامل ہوگا۔‘‘

برنہم نے کہا کہ ان کی حکومت سیاست کو زیادہ باہمی تعاون پر مبنی بنائے گی اور ’’سیاسی پوائنٹ سکورنگ‘‘ کے بجائے مسائل کے حل پر توجہ دے گی۔ انہوں نے ویسٹ منسٹر سے اختیارات ملک بھر کی مقامی برادریوں کو منتقل کرنے، سرکاری خریداری کے ذریعے برطانیہ کو دوبارہ صنعتی بنیادوں پر استوار کرنے اور بنیادی عوامی خدمات کو زیادہ مضبوط عوامی نگرانی میں لانے کا بھی وعدہ کیا۔

وزیراعظم کا منصب سنبھالنے کے چند گھنٹوں بعد ہی برنہم نے اپنی نئی کابینہ تشکیل دی۔ وزیراعظم کے دفتر کے مطابق سابق وزیر دفاع جان ہیلی کو خزانے کا چانسلر مقرر کیا گیا ہے۔

جان ہیلی نے گزشتہ ماہ سابق حکومت کے دفاعی اخراجات کے منصوبے پر اختلافات کے باعث وزارت دفاع سے استعفیٰ دیا تھا۔ برطانوی ذرائع ابلاغ نے انہیں وزیر خزانہ مقرر کئے جانے کو ایک غیر متوقع فیصلہ قرار دیا۔

ایڈ ملی بینڈ کو وزیر خارجہ مقرر کیا گیا جبکہ شبانہ محمود بدستور وزیر داخلہ رہیں۔ لوئس ہیگ کو فرسٹ سیکرٹری آف سٹیٹ، چانسلر آف دی ڈچی آف لنکاسٹر اور وزیر برائے کابینہ دفتر مقرر کیا گیا۔ یوویٹ کوپر کو وزیر صحت بنایا گیا جبکہ پیٹ میک فیڈن بدستور وزیر محنت و پنشن برقرار رہے۔

Author

متعلقہ تحاریر
- Advertisment -
Google search engine

متعلقہ خبریں