بیجنگ (شِنہوا) چین کی وزارت تجارت اور آٹھ دیگر سرکاری محکموں نے 19 پالیسی اقدامات کا اعلان کیا ہے جن کا مقصد گھریلو خدمات کے شعبے کی معیاری ترقی کو فروغ دینا، اس شعبے میں خدمات کے استعمال میں اضافہ کرنا اور ترقی کی راہ میں حائل رکاوٹیں دور کرنا ہے۔
یہ اقدامات پانچ اہم شعبوں پر مرکوز ہیں جن میں گھریلو خدمات فراہم کرنے والے اداروں کی معاونت میں اضافہ، ادارہ جاتی جدت کی حوصلہ افزائی، پیشہ ورانہ مہارتوں کی تربیت کو مضبوط بنانا، معلومات کے پلیٹ فارم کے نظام کو بہتر بنانا اور صنعت کی ترقی کے بنیادی شہری سہولتوں کو مستحکم کرنا شامل ہیں۔
ان اقدامات کے تحت بیمہ کمپنیوں کو اس شعبے کی ضروریات کے مطابق نئی بیمہ مصنوعات متعارف کرانے کی ترغیب دی گئی ہے۔ اس کے علاوہ گھریلو خدمات فراہم کرنے والے اداروں کو طویل المدتی نگہداشت کے نظام میں شامل ہونے کے لئے تعاون فراہم کیا جائے گا جبکہ غیرروایتی روزگار سے وابستہ گھریلو ملازمین کے لئے سماجی تحفظ کی سہولت کو بھی بہتر بنایا جائے گا۔
پالیسی اقدامات میں اہل مقامی حکومتوں کی حوصلہ افزائی کی گئی ہے کہ وہ قانون کے مطابق گھریلو ملازمین کے حقوق کے بہتر تحفظ کے طریقہ کار وضع کریں، گھریلو خدمات فراہم کرنے والے اداروں کے لئے ملازمت سے متعلق رہنما اصول تیار کریں اور معیاری خدمات کے معاہدے جاری کریں۔ اس کے ساتھ متعلقہ پیشہ ورانہ قومی معیارات کو جدید بنانے اور مہارتوں کے جائزے کے نظام کو بہتر بنانے پر بھی زور دیا گیا ہے۔
اس کے علاوہ ان اقدامات میں ادارے کے قابل اعتماد ہونے کی موثر جانچ پڑتال اور معلومات کے تبادلے کو فروغ دینے، معیاری معاہدوں اور صنعتی معیار کو بہتر بنانے، خدمات کے معیار کا باقاعدہ جائزہ لینے اور قیمتوں کی نگرانی کو مزید موثر بنانے کی ہدایت کی گئی ہے۔
اس ماہ کے آغاز میں چین نے کھپت میں اضافے کے لئے پانچ سالہ منصوبہ جاری کیا تھا، جس میں معیاری گھریلو خدمات کی فراہمی بڑھانے، کارکنوں کی مہارتوں کو بہتر بنانے، خدمات کے معیار کے نظام کو مضبوط بنانے اور اس شعبے میں نمایاں اداروں اور معروف برانڈز کی حوصلہ افزائی پر زور دیا گیا تھا۔
2026 سے 2030 تک روزگار کو ترجیح دینے کے جون میں جاری کئے گئے قومی منصوبے میں بھی گھریلو خدمات کے شعبے کو فروغ دینے، شہروں اور دیہات میں بزرگوں اور بچوں کی دیکھ بھال کی سہولیات بہتر بنانے اور ان شعبوں میں مزید ملازمتیں پیدا کرنے پر زور دیا گیا ہے۔


