سکم (لارڈ میڈیا) بھارتی ریاست سکم میں زیرِ تعمیر ہائیڈرو الیکٹرک منصوبے کی سرنگ گرنے کے باعث کم از کم 9 مزدور ہلاک ہوگئے جبکہ 15 مزدور ملبے تلے دبے ہوئے ہیں۔
یہ حادثہ پیر کو دریائے تیستا پر قائم سرکاری پن بجلی منصوبے کے دوران پیش آیا جہاں سرنگ کی تعمیر جاری تھی۔ سکم اسٹیٹ ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کے ڈائریکٹر راجیو روکا نے بتایا کہ تقریباً 25 سے 27 افراد سرنگ میں پھنس گئے تھے، جن میں سے 9 افراد کی لاشیں نکال لی گئی ہیں۔
حکام کا کہنا ہے کہ سرنگ ممکنہ طور پر دھماکے کی وجہ سے گری تاہم اس کی اصل وجہ تاحال معلوم نہیں ہو سکی۔ امدادی کاموں میں زیرِ زمین چٹانوں سے خارج ہونے والی زہریلی میتھین گیس رکاوٹ بن رہی ہے، اس لیے صرف آکسیجن آلات سے لیس ٹیموں کو اندر جانے کی اجازت دی جا رہی ہے۔ یاد رہے کہ 2023 میں بھارتی ریاست اتراکھنڈ میں ایک سرنگ گرنے کے بعد 41 مزدوروں کو 17 دن بعد بحفاظت نکالا گیا تھا۔


