ہومتازہ ترینلاہور میں سفارت خانوں کا ڈیٹا ہیک کرنے والا گروہ گرفتار

لاہور میں سفارت خانوں کا ڈیٹا ہیک کرنے والا گروہ گرفتار

لاہور (لارڈ میڈیا) نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (این سی سی آئی اے) نے سفارت خانوں کا ڈیٹا ہیک کر کے ویزا درخواست گزاروں سے فراڈ کرنے والے گروہ کے 12 ملزمان کو گرفتار کر لیا ہے۔ ڈائریکٹر این سی سی آئی اے علی وسیم نے بتایا کہ ملزمان سعودی عرب، جرمنی اور اٹلی کے سفارت خانوں کے ڈیٹا تک رسائی حاصل کر رہے تھے۔

ملزمان نے مبینہ طور پر سفارت خانوں کے رابطہ نمبرز ہیک کر کے اپنے نمبرز پر ڈائیورٹ کر رکھے تھے، جس کے ذریعے وہ ویزا اور اپوائنٹمنٹ کے خواہشمند افراد کو دھوکا دیتے تھے۔ کارروائی کے دوران جعلی اپوائنٹمنٹ لیٹرز، موبائل فونز اور دیگر اہم ڈیجیٹل شواہد بھی برآمد کیے گئے ہیں۔

این سی سی آئی اے نے مختلف سفارت خانوں کی جانب سے شکایات کے بعد تحقیقات شروع کیں، جس کے نتیجے میں اس گروہ کا سراغ لگایا گیا۔ گرفتار گروہ 2019 سے سرگرم تھا اور ویزا ایکسٹینشن اور اپوائنٹمنٹ لینے کے خواہشمند افراد کو نشانہ بنا رہا تھا۔

ملزمان نے جعلی ویب سائٹس اور سفارت خانوں جیسا ماحول بھی تیار کر رکھا تھا تاکہ شہریوں کو اصل اور جعلی نظام میں فرق محسوس نہ ہو سکے۔ مزید ساتھیوں کی گرفتاری کے لیے کارروائیاں جاری ہیں اور ہیکنگ ایپلیکیشن ‘ٹائیکون ٹو ایف اے’ کے حوالے سے بھی تحقیقات کی جا رہی ہیں۔

ڈائریکٹر علی وسیم نے بتایا کہ کال سینٹرز کی نگرانی اور تحقیقات کے لیے متعلقہ اداروں اور اسٹیک ہولڈرز پر مشتمل جوائنٹ ٹاسک فورس قائم کی جا رہی ہے تاکہ سائبر فراڈ کے واقعات کی روک تھام ہو سکے۔

Author

متعلقہ تحاریر
- Advertisment -
Google search engine

متعلقہ خبریں