لاہور (لارڈ میڈیا): مون سون بارشوں کا نیا سسٹم پنجاب میں داخل ہو چکا ہے جس کے اثرات کے باعث لاہور سمیت متعدد اضلاع میں بارش کا امکان ہے۔ محکمہ موسمیات نے بتایا ہے کہ لاہور میں دن بھر سورج اور بادلوں کی آنکھ مچولی جاری رہے گی جبکہ دوپہر کے بعد ہلکی بارش ہو سکتی ہے۔
لاہور کا کم سے کم درجہ حرارت 31 ڈگری سینٹی گریڈ جبکہ زیادہ سے زیادہ 39 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچنے کا امکان ہے۔ ممکنہ بارشوں کے پیش نظر پی ڈی ایم اے پنجاب نے تمام ضلعی انتظامیہ کو الرٹ جاری کیا ہے اور نشیبی علاقوں میں حفاظتی انتظامات مکمل رکھنے کی ہدایت کی ہے۔
ایم ڈی واسا غفران احمد نے بھی لاہور میں بارش کے امکانات کے باعث تمام آپریشنل عملے کو ہائی الرٹ رہنے کا حکم دیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ جب تک شاہراہوں اور نشیبی علاقوں سے بارش کا پانی مکمل طور پر نکال نہیں لیا جاتا افسران اور فیلڈ عملہ اپنی ذمہ داریاں انجام دیتا رہے گا۔
حکام نے شہریوں کو غیر ضروری سفر سے گریز کرنے اور موسم سے متعلق تازہ صورتحال پر نظر رکھنے کی بھی ہدایت کی ہے۔


