بیجنگ(شِنہوا) چین بھر کے استغاثہ کے اداروں نے 2026 کی پہلی ششماہی کے دوران اختیارات کے ناجائز استعمال پر 14 ہزار افراد کے خلاف مقدمات چلائے جو گزشتہ سال کی اسی مدت کے مقابلے میں 5.6 فیصد زیادہ ہیں۔
اعلیٰ عوامی استغاثہ (ایس پی پی) کے مطابق اس عرصے میں ایک ہزار 410 افراد کے خلاف رشوت دینے کے جرائم کے مقدمات بھی چلائے گئے۔
ملک بھر کے استغاثہ کے اداروں نے سال کے پہلے 6 ماہ کے دوران مارکیٹ معیشت کے نظم و ضبط کو نقصان پہنچانے والے جرائم میں ملوث 58 ہزار افراد کے خلاف بھی مقدمات قائم کئے۔
ایس پی پی کے مطابق استغاثہ کے اداروں نے تزویراتی معدنیات کی سمگلنگ کے الزام میں 4 ہزار 435 افراد جبکہ ملکیتی حقوق کی خلاف ورزی سے متعلق جرائم میں 7 ہزار 500 افراد کے خلاف مقدمات چلائے۔
اسی طرح مالیاتی اور سیکیورٹیز کے شعبوں میں ہونے والے جرائم کے خلاف بھی قانونی کارروائیاں کی گئیں جن کے تحت جنوری سے جون تک مالیاتی فراڈ اور مالیاتی نظم و نسق میں خلل ڈالنے والے جرائم کے الزام میں 13 ہزار افراد کے خلاف مقدمات چلائے گئے۔


