بیجنگ (شِنہوا) چین کی مجموعی ملکی پیداوار میں 2026 کی پہلی ششماہی کے دوران گزشتہ سال کے اسی عرصے کے مقابلے میں 4.7 فیصد اضافہ ہوا۔
چین کے قومی ادارہ شماریات کے اعداد و شمار کے مطابق دنیا کی دوسری سب سے بڑی معیشت نے اس عرصے کے دوران تقریباً 695.7 کھرب یوآن (تقریباً 102.5 کھرب امریکی ڈالر) کی پیداوار حاصل کی۔ دوسری سہ ماہی میں چین کی معیشت میں سالانہ بنیادوں پر 4.3 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔
قومی ادارہ شماریات نے ایک بیان میں کہا کہ چینی معیشت دباؤ کے باوجود ’’مناسب دائرے میں کام کرتی رہی‘‘ اور اس نے مضبوط لچک کا مظاہرہ جاری رکھا۔ ادارے نے پیداوار اور رسد میں مضبوط ترقی، روزگار کے استحکام اور نئے ترقیاتی عوامل میں تیز رفتار توسیع کو نمایاں نکات قرار دیا۔
چین کی مجموعی ملکی پیداوار میں پہلی سہ ماہی میں سالانہ بنیادوں پر 5 فیصد اضافہ ہوا تھا۔ ملک نے 2026 کے لئے اقتصادی ترقی کا ہدف 4.5 سے 5 فیصد مقرر کیا ہے اور عملی طور پر اس سے بہتر کارکردگی دکھانے کی کوشش کرے گا۔
قومی ادارہ شماریات کے نائب سربراہ ماؤ شینگ یونگ نے ایک پریس کانفرنس میں کہا کہ ترقی کی رفتار سالانہ ہدف کے مطابق ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ اگرچہ دوسری سہ ماہی میں ترقی کی رفتار کچھ کم ہوئی تاہم معیشت مستحکم بنیادوں پر قائم رہی اور جدت پر مبنی اور اعلیٰ معیار کی ترقی کا بنیادی رجحان برقرار ہے۔
ماؤ نے چین کی ترقی کے معیار میں بہتری کو بھی اجاگر کیا۔ قومی ادارہ شماریات کے اعداد و شمار کے مطابق اعلیٰ معیار کی اشیاء سازی، ڈیجیٹل معیشت اور جدید خدمات پر مشتمل نئے ترقیاتی عوامل نے پہلی ششماہی میں اقتصادی توسیع میں 40 فیصد سے زیادہ حصہ ڈالا جبکہ مجموعی ملکی پیداوار کے فی یونٹ توانائی کے استعمال میں سالانہ بنیادوں پر 1.9 فیصد کمی ہوئی۔


