اسلام آباد (لارڈ میڈیا): حکومت نے پاکستان سٹیل ملز کی بحالی کے لئے کوششیں تیز کر دی ہیں۔ وزارت صنعت و پیداوار کے ذرائع کے مطابق چین، روس اور ترکیہ کے سرمایہ کاروں نے منصوبے میں دلچسپی ظاہر کی ہے، جبکہ سعودی عرب نے بھی ممکنہ سرمایہ کاری کے حوالے سے معلومات طلب کی ہیں۔
ذرائع کے مطابق پاکستان سٹیل ملز کی پیداواری صلاحیت کو موجودہ سطح سے بڑھا کر تقریباً 30 لاکھ ٹن سالانہ کرنے کے لئے تجاویز تیار کی جا رہی ہیں۔ اس مقصد کے لئے پلانٹ اور مشینری کو جدید ٹیکنالوجی سے ہم آہنگ کرنے کا منصوبہ زیر غور ہے تاکہ ادارے کو عالمی معیار کے مطابق فعال بنایا جا سکے۔
وزارت صنعت و پیداوار کے ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان سٹیل ملز کی بحالی کے سلسلے میں چینی اور روسی کمپنیوں کے کنسورشیم نے ملز کا دورہ کیا ہے، جہاں ماہرین نے پلانٹ، مشینری اور پیداواری استعداد کا جائزہ لیا۔
ذرائع کے مطابق چین، روس اور دیگر ممالک کے ساتھ مشترکہ سرمایہ کاری کا امکان بھی موجود ہے۔ حکومت کی کوشش ہے کہ اس منصوبے کے ذریعے قومی سٹیل صنعت کو دوبارہ فعال کیا جائے، صنعتی پیداوار میں اضافہ ہو اور روزگار کے نئے مواقع پیدا ہوں۔


