تل ابیب (لارڈ میڈیا): اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو نے خبردار کیا ہے کہ اگر ایران نے دوبارہ اسرائیل پر حملہ کیا تو اس بار جواب پہلے سے کہیں زیادہ طاقتور اور فیصلہ کن ہوگا۔ یہ بیان انہوں نے جنوبی اسرائیل کے شہر دیمونا میں نیگیو کانفرنس کے دوران دیا۔ نیتن یاہو نے ایرانی قیادت کی جانب سے اسرائیل کو نشانہ بنانے کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ اسرائیل کسی بھی نئے حملے کا بھرپور جواب دے گا اور یہ حملہ پہلے جیسا نہیں بلکہ کہیں زیادہ تباہ کن ہوگا۔
یاد رہے کہ امریکا اور ایران کے درمیان آبنائے ہرمز پر جاری کشمکش ایک بار پھر جنگی صورتحال میں تبدیل ہوگئی ہے۔ یہ اہم آبی گزرگاہ کا کنٹرول دونوں ممالک اپنے پاس رکھنا چاہتے ہیں۔ حال ہی میں ایران نے آبنائے ہرمز میں پروٹوکول کی خلاف ورزی کرنے پر ایک بڑے تجارتی جہاز کو نشانہ بنایا تھا جس کے جواب میں امریکا نے ایران میں ملٹری اہداف کو نشانہ بنایا۔ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے جنگ بندی معاہدے کو ختم کرتے ہوئے کہا تھا کہ حملے جاری رہیں گے، تاہم مذاکرات بھی جاری رہیں گے۔


