کراچی (لارڈ میڈیا) امریکا اور ایران کے درمیان جنگ کی کشیدگی نے پاکستان اسٹاک ایکسچینج پر شدید اثر ڈالا ہے، جس کے نتیجے میں پی ایس ایکس 100 انڈیکس میں 3.6 فیصد کی کمی ہوئی ہے۔
پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں مسلسل دوسرے دن کاروبار کی منفی صورتحال برقرار رہی اور 100 انڈیکس میں 6535 پوائنٹس کی کمی کے بعد ایک لاکھ 73 ہزار 391 پوائنٹس پر ٹریڈنگ ہوئی۔
عالمی منڈی میں امریکی ایران کشیدگی کی وجہ سے تیل کی قیمتوں میں ہوشربا اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے، برینٹ خام تیل کی قیمت 86.90 ڈالر فی بیرل تک پہنچ گئی ہے۔
دبئی میں بھی اس کشیدگی کی وجہ سے منفی کاروباری رجحان رہا، جبکہ خلیجی ممالک کی اسٹاک مارکیٹوں میں بھی کاروبار کی منفی صورتحال دیکھنے میں آئی۔
ماہرین کے مطابق امریکا اور ایران کے درمیان بڑھتی ہوئی کشیدگی اور آبنائے ہرمز کی صورتحال کی وجہ سے سرمایہ کاروں میں غیر یقینی کی صورتحال پیدا ہو چکی ہے، جو خلیجی مالیاتی منڈیوں اور عالمی معیشت پر اثر ڈال سکتی ہے۔
تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ آئندہ چند روز میں امریکا، ایران اور خلیجی خطے کی پیش رفت پر سرمایہ کاروں کی نظریں مرکوز رہیں گی، جو آئندہ مارکیٹ کے رجحان کا تعین کریں گی۔


