ہومتازہ ترینایران کی امریکی مداخلت پر سخت وارننگ جاری

ایران کی امریکی مداخلت پر سخت وارننگ جاری

تہران (لارڈ میڈیا): ایران کے مرکزی عسکری ہیڈکوارٹر خاتم الانبیا نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے آبنائے ہرمز کا کنٹرول سنبھالنے کے بیان پر سخت ردِ عمل ظاہر کرتے ہوئے کہا ہے کہ تہران کسی صورت امریکا کو اس اہم آبی گزرگاہ کے انتظام میں مداخلت کی اجازت نہیں دے گا۔ ایرانی عسکری قیادت نے خطے میں بڑھتی ہوئی کشیدگی کا ذمہ دار امریکا اور اس کے اتحادی ممالک کو قرار دیا ہے۔

ایرانی خبر رساں ادارے تسنیم کے مطابق خاتم الانبیا ہیڈکوارٹر کے ترجمان نے کہا کہ آبنائے ہرمز کے انتظام میں امریکی مداخلت نے خطے کی سلامتی، بین الاقوامی تجارت اور جہازوں کی آمدورفت کو خطرے میں ڈال دیا ہے۔ ترجمان نے مزید کہا کہ ایران کسی بھی صورت امریکی مداخلت کو برداشت نہیں کرے گا اور تجارتی راستوں کے تحفظ کے لیے ہر ممکن اقدام کرے گا۔

ایران نے امریکا کے ساتھ تعاون کرنے والے علاقائی ممالک کو بھی خبردار کیا ہے کہ کسی قسم کا تعاون ایران کی خودمختاری کے خلاف جنگی اقدام سمجھا جائے گا۔ ایران کے وزیر خارجہ عباس عراقچی نے کہا کہ ایران ہمیشہ سے آبنائے ہرمز کا محافظ رہا ہے اور رہے گا۔

ایرانی وزارتِ خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی نے مزید کہا کہ ایران امریکا اور اسرائیل کے اقدامات کو عالمی سطح پر اجاگر کرنے اور انصاف کے حصول کے لیے قانونی راستے اختیار کرے گا۔ انہوں نے خبردار کیا کہ اگر واشنگٹن جنگ کے خاتمے سے متعلق وعدے پورے نہ کرے تو ایران بھی معاہدے پر عمل درآمد جاری رکھنے کا پابند نہیں رہے گا۔

Author

متعلقہ تحاریر
- Advertisment -
Google search engine

متعلقہ خبریں