شنگھائی (شِنہوا) شنگھائی دنیا کے ممتاز بین الاقوامی جہاز رانی مراکز میں دوسرے نمبر پر آ گیا ہے۔
شِنہوا-بالٹک انٹرنیشنل شپنگ سنٹر ڈیویلپمنٹ انڈیکس (آئی ایس سی ڈی آئی) 2026 میں شنگھائی نے لندن کو پیچھے چھوڑتے ہوئے سنگاپور کے بعد دوسرا مقام حاصل کیا۔ 2014 میں اس انڈیکس کے آغاز کے بعد یہ شنگھائی کی اب تک کی بلند ترین درجہ بندی ہے۔
بالٹک ایکسچینج ایشیا کے سربراہ جن یو چھیونگ نے کہا کہ شنگھائی کی کامیابی صرف سامان کی ترسیل کے حجم تک محدود نہیں بلکہ اس کے پیچھے ایک مضبوط اور متنوع بحری ماحولیاتی نظام کارفرما ہے، جس میں شپنگ کمپنیاں، مالیاتی ادارے، انشورنس کمپنیاں، قانونی خدمات فراہم کرنے والے ادارے، شپ بروکرز، جہاز سازی کے کارخانے اور ٹیکنالوجی فراہم کرنے والے شامل ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ ڈیجیٹل جدت، ماحول دوست بندرگاہوں کی ترقی اور بحری خدمات میں مسلسل سرمایہ کاری نے شنگھائی کی عالمی مسابقتی صلاحیت کو مزید مضبوط بنایا ہے۔
2025 میں شنگھائی بندرگاہ پر کنٹینرز کی آمدورفت 5 کروڑ 50 لاکھ 60 ہزار ٹی ای یوز سے تجاوز کر گئی، جو ایک نیا ریکارڈ ہے۔
اس سال کے انڈیکس نے عالمی شپنگ صنعت میں چین کے بڑھتے ہوئے کردار کو بھی اجاگر کیا۔ اس وقت عالمی ٹاپ 20 شپنگ مراکز میں چین کے 7 شہر شامل ہیں۔
شِنہوا کی چائنہ اکنامک انفارمیشن سروس اور بالٹک ایکسچینج نے مشترکہ طور پر 2014 میں آئی ایس سی ڈی آئی کا آغاز کیا تھا، جو آج دنیا بھر کے بڑے شپنگ مراکز کی ترقی کا جائزہ لینے کے لئے سب سے بااثر اشاریوں میں شمار ہوتا ہے۔


