بیجنگ (شِنہوا) چین اور 4 نورڈک ممالک مصنوعی ذہانت (اے آئی) کی ترقی اور اس کے نظم و نسق کو غیر معمولی اہمیت دیتے ہیں اور دونوں فریقوں نے مصنوعی ذہانت کے عالمی نظم و نسق سے متعلق مکالمے کو مضبوط بنانے اور مشترکہ عالمی ضوابط کی تشکیل کے امکانات کا جائزہ لینے پر اتفاق کیا ہے۔
چینی وزارت خارجہ کی ترجمان ماؤ ننگ نے معمول کی پریس بریفنگ میں 2 سے 7 جولائی تک چینی وزیر خارجہ وانگ یی کے ڈنمارک، سویڈن، فن لینڈ اور ناروے کے دورے سے متعلق سوال کا جواب دیا۔
ماؤ ننگ نے کہا کہ یہ چاروں ممالک سائنسی اور تکنیکی جدت کے اہم مراکز ہیں۔ چین دونوں جانب کی کمپنیوں کا خیرمقدم کرتا ہے کہ وہ اپنی اپنی صلاحیتوں سے فائدہ اٹھاتے ہوئے باہمی تعاون کو فروغ دیں تاکہ جدیدیت کے ثمرات عوام تک زیادہ موثر انداز میں پہنچ سکیں۔
ماؤ ننگ نے کہا کہ ان ممالک نے مصنوعی ذہانت سے متعلق چین کے پیش کردہ اصولوں کو سراہا جن میں انسانی مرکزیت، انسانیت کی بھلائی کے لئے اے آئی، انصاف، شمولیت اور مشترکہ نظم و نسق شامل ہیں۔
ماؤ نے بتایا کہ دورے کے موقع پر وانگ یی نے اپنے ہم منصبوں سے باضابطہ مذاکرات کئے اور چاروں ممالک کی قیادت سے دوستانہ ملاقاتیں کیں۔
دونوں جانب نے روایتی دوستی کو فروغ دینے، اعلیٰ سطح کے تبادلوں کو برقرار رکھنے، سٹریٹجک روابط مضبوط بنانے، جامع تعاون کو وسعت دینے اور دوطرفہ تعلقات کو نئی بلندیوں تک پہنچانے پر اتفاق کیا۔
وانگ یی نے چاروں ممالک کی کمپنیوں کو دعوت دی کہ وہ چینی منڈی کے "فٹنس کلب” میں شامل ہوں، اپنی مسابقتی صلاحیتوں کو مزید مضبوط بنائیں اور چین کی وسیع منڈی، مکمل صنعتی سپلائی چینز اور متنوع کاروباری مواقع سے بھرپور فائدہ اٹھائیں۔
ماؤ نے کہا کہ چاروں نورڈک ممالک نے چین اور یورپ کے درمیان مزید تعمیری اقتصادی و تجارتی مذاکرات کا خیرمقدم کیا اور اس بات کی حمایت کی کہ تجارتی اختلافات کو مناسب انداز میں حل کرتے ہوئے باہمی مفاد پر مبنی نتائج حاصل کئے جائیں۔


