ممبئی (لارڈ میڈیا): معروف گلوکار عاصم اظہر کے گانے ‘آرزو’ نے بھارت میں زبردست مقبولیت حاصل کرلی ہے، اسپاٹیفائی پر یہ ان کا دوسرا سب سے زیادہ مقبول گانا بن گیا ہے۔ عاصم اظہر نے انسٹاگرام پر بھارتی مداحوں کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ ان کی محبت قیمتی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ‘آرزو’ ان کے کامیاب ترین گانوں میں دوسرے نمبر پر آ گیا ہے۔
عاصم اظہر نے اپنی انسٹاگرام اسٹوریز کے ذریعے مداحوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے اعلان کیا کہ وہ اپنے حالیہ گانوں پر مبنی پسندیدہ ریلز کو سوشل میڈیا پر شیئر کریں گے۔ انہوں نے مداحوں کی محبت کو اس کامیابی کی اصل وجہ قرار دیا۔
یہ گانا گلوکارہ نور خان اور مدھور ایکسو کے اشتراک سے تیار کیا گیا ہے۔ ‘آرزو’ نے عالمی سطح پر بھی نمایاں مقام حاصل کیا ہے، اور بل بورڈ چارٹس میں آٹھویں نمبر تک پہنچنے میں کامیاب رہا ہے۔
گزشتہ ماہ بھی ‘آرزو’ خبروں میں رہا جب گانے میں شامل ایک مختصر آواز سوشل میڈیا پر موضوع بن گئی۔ یہ آواز ہانیہ عامر سے مشابہت رکھتی ہے، لیکن عاصم یا ہانیہ نے اس پر کوئی تبصرہ نہیں کیا، جس سے یہ معاملہ مداحوں کے درمیان دلچسپی کا باعث بنا ہوا ہے۔


